یشوع 10:3-9 UGV

3 چنانچہ یروشلم کے بادشاہ ادونی صدق نے اپنے قاصد حبرون کے بادشاہ ہوہام، یرموت کے بادشاہ پیرام، لکیس کے بادشاہ یفیع اور عجلون کے بادشاہ دبیر کے پاس بھیج دیئے۔

4 پیغام یہ تھا، ”آئیں اور جِبعون پر حملہ کرنے میں میری مدد کریں، کیونکہ اُس نے یشوع اور اسرائیلیوں کے ساتھ صلح کا معاہدہ کر لیا ہے۔“

5 یروشلم، حبرون، یرموت، لکیس اور عجلون کے یہ پانچ اموری بادشاہ متحد ہوئے۔ وہ اپنے تمام فوجیوں کو لے کر چل پڑے اور جِبعون کا محاصرہ کر کے اُس سے جنگ کرنے لگے۔

6 اُس وقت یشوع نے اپنے خیمے جِلجال میں لگائے تھے۔ جِبعون کے لوگوں نے اُسے پیغام بھیج دیا، ”اپنے خادموں کو ترک نہ کریں۔ جلدی سے ہمارے پاس آ کر ہمیں بچائیں! ہماری مدد کیجئے، کیونکہ پہاڑی علاقے کے تمام اموری بادشاہ ہمارے خلاف متحد ہو گئے ہیں۔“

7 یہ سن کر یشوع اپنی پوری فوج کے ساتھ جِلجال سے نکلا اور جِبعون کے لئے روانہ ہوا۔ اُس کے بہترین فوجی بھی سب اُس کے ساتھ تھے۔

8 رب نے یشوع سے کہا، ”اُن سے مت ڈرنا، کیونکہ مَیں اُنہیں تیرے ہاتھ میں کر چکا ہوں۔ اُن میں سے ایک بھی تیرا مقابلہ نہیں کرنے پائے گا۔“

9 اور یشوع نے جِلجال سے ساری رات سفر کرتے کرتے اچانک دشمن پر حملہ کیا۔