یشوع 15:7-13 UGV

7 وہاں سے سرحد وادیٔ عکور میں اُتر گئی اور پھر دوبارہ دبیر کی طرف چڑھ گئی۔ دبیر سے وہ شمال یعنی جِلجال کی طرف جو درۂ ادُمیم کے مقابل ہے مُڑ گئی (یہ درہ وادی کے جنوب میں ہے)۔ یوں وہ چلتی چلتی شمالی سرحد عین شمس اور عین راجل تک پہنچ گئی۔

8 وہاں سے وہ وادیٔ بن ہنوم میں سے گزرتی ہوئی یبوسیوں کے شہر یروشلم کے جنوب میں سے آگے نکل گئی اور پھر اُس پہاڑ پر چڑھ گئی جو وادیٔ بن ہنوم کے مغرب اور میدانِ رفائیم کے شمالی کنارے پر ہے۔

9 وہاں سرحد مُڑ کر چشمہ بنام نفتوح کی طرف بڑھ گئی اور پھر پہاڑی علاقے عِفرون کے شہروں کے پاس سے گزر کر بعلہ یعنی قِریَت یعریم تک پہنچ گئی۔

10 بعلہ سے مُڑ کر یہوداہ کی یہ سرحد مغرب میں سعیر کے پہاڑی علاقے کی طرف بڑھ گئی اور یعریم پہاڑ یعنی کسلون کے شمالی دامن کے ساتھ ساتھ چل کر بیت شمس کی طرف اُتر کر تِمنت پہنچ گئی۔

11 وہاں سے وہ عقرون کے شمال میں سے گزر گئی اور پھر مُڑ کر سِکرون اور بعلہ پہاڑ کی طرف بڑھ کر یبنئیل پہنچ گئی۔ وہاں یہ شمالی سرحد سمندر پر ختم ہوئی۔

12 سمندر ملکِ یہوداہ کی مغربی سرحد تھی۔ یہی وہ علاقہ تھا جو یہوداہ کے قبیلے کو اُس کے خاندانوں کے مطابق مل گیا۔

13 رب کے حکم کے مطابق یشوع نے کالب بن یفُنّہ کو اُس کا حصہ یہوداہ میں دے دیا۔ وہاں اُسے حبرون شہر مل گیا۔ اُس وقت اُس کا نام قِریَت اربع تھا (اربع عناق کا باپ تھا)۔