یشوع 18:1-7 UGV

1 کنعان پر غالب آنے کے بعد اسرائیل کی پوری جماعت سَیلا شہر میں جمع ہوئی۔ وہاں اُنہوں نے ملاقات کا خیمہ کھڑا کیا۔

2 اب تک سات قبیلوں کو زمین نہیں ملی تھی۔

3 یشوع نے اسرائیلیوں کو سمجھا کر کہا، ”آپ کتنی دیر تک سُست رہیں گے؟ آپ کب تک اُس ملک پر قبضہ نہیں کریں گے جو رب آپ کے باپ دادا کے خدا نے آپ کو دے دیا ہے؟

4 اب ہر قبیلے کے تین تین آدمیوں کو چن لیں۔ اُنہیں مَیں ملک کا دورہ کرنے کے لئے بھیج دوں گا تاکہ وہ تمام قبائلی علاقوں کی فہرست تیار کریں۔ اِس کے بعد وہ میرے پاس واپس آ کر

5 ملک کو سات علاقوں میں تقسیم کریں۔ لیکن دھیان رکھیں کہ جنوب میں یہوداہ کا علاقہ اور شمال میں افرائیم اور منسّی کا علاقہ ہے۔ اُن کی سرحدیں مت چھیڑنا!

6 وہ آدمی لکھ لیں کہ سات نئے قبائلی علاقوں کی سرحدیں کہاں کہاں تک ہیں اور پھر اِن کی فہرستیں پیش کریں۔ پھر مَیں رب آپ کے خدا کے حضور مُقدّس قرعہ ڈال کر ہر ایک کی زمین مقرر کروں گا۔

7 یاد رہے کہ لاویوں کو کوئی علاقہ نہیں ملنا ہے۔ اُن کا حصہ یہ ہے کہ وہ رب کے امام ہیں۔ اور جد، روبن اور منسّی کے آدھے قبیلے کو بھی مزید کچھ نہیں ملنا ہے، کیونکہ اُنہیں رب کے خادم موسیٰ سے دریائے یردن کے مشرق میں اُن کا حصہ مل چکا ہے۔“