یشوع 18:10-16 UGV

10 پھر یشوع نے رب کے حضور قرعہ ڈال کر یہ علاقے باقی سات قبیلوں اور اُن کے کنبوں میں تقسیم کر دیئے۔

11 جب قرعہ ڈالا گیا تو بن یمین کے قبیلے اور اُس کے کنبوں کو پہلا حصہ مل گیا۔ اُس کی زمین یہوداہ اور یوسف کے قبیلوں کے درمیان تھی۔

12 اُس کی شمالی سرحد دریائے یردن سے شروع ہوئی اور یریحو کے شمال میں پہاڑی ڈھلان پر چڑھ کر پہاڑی علاقے میں سے مغرب کی طرف گزری۔ بیت آون کے بیابان کو پہنچنے پر

13 وہ لُوز یعنی بیت ایل کی طرف بڑھ کر شہر کے جنوب میں پہاڑی ڈھلان پر چلتی چلتی آگے نکل گئی۔ وہاں سے وہ عطارات ادّار اور اُس پہاڑی تک پہنچی جو نشیبی بیت حَورون کے جنوب میں ہے۔

14 پھر وہ جنوب کی طرف مُڑ کر مغربی سرحد کے طور پر قِریَت بعل یعنی قِریَت یعریم کے پاس آئی جو یہوداہ کے قبیلے کی ملکیت تھی۔

15 بن یمین کی جنوبی سرحد قِریَت یعریم کے مغربی کنارے سے شروع ہو کر نفتوح چشمہ تک پہنچی۔

16 پھر وہ اُس پہاڑ کے دامن پر اُتر آئی جو وادیٔ بن ہنوم کے مغرب میں اور میدانِ رفائیم کے شمال میں واقع ہے۔ اِس کے بعد سرحد یبوسیوں کے شہر کے جنوب میں سے گزری اور یوں وادیٔ ہنوم کو پار کر کے عین راجل کے پاس آئی۔