یشوع 19:46-51 UGV

46 مے یرقون اور رقون اُس علاقے سمیت جو یافا کے مقابل ہے۔

47 افسوس، دان کا قبیلہ اپنے اِس علاقے پر قبضہ کرنے میں کامیاب نہ ہوا، اِس لئے اُس کے مردوں نے لشم شہر پر حملہ کر کے اُس پر فتح پائی اور اُس کے باشندوں کو تلوار سے مار ڈالا۔ پھر وہ خود وہاں آباد ہوئے۔ اُس وقت لشم شہر کا نام دان میں تبدیل ہوا۔ (دان اُن کے قبیلے کا باپ تھا۔)

48 لیکن یشوع کے زمانے میں دان کے قبیلے کو اُس کے کنبوں کے مطابق مذکورہ تمام شہر اور اُن کے گرد و نواح کی آبادیاں مل گئیں۔

49 پورے ملک کو تقسیم کرنے کے بعد اسرائیلیوں نے یشوع بن نون کو بھی اپنے درمیان کچھ موروثی زمین دے دی۔

50 رب کے حکم پر اُنہوں نے اُسے افرائیم کا شہر تِمنت سِرح دے دیا۔ یشوع نے خود اِس کی درخواست کی تھی۔ وہاں جا کر اُس نے شہر کو از سرِ نو تعمیر کیا اور اُس میں آباد ہوا۔

51 غرض یہ وہ تمام زمینیں ہیں جو اِلی عزر امام، یشوع بن نون اور قبیلوں کے آبائی گھرانوں کے سربراہوں نے سَیلا میں ملاقات کے خیمے کے دروازے پر قرعہ ڈال کر تقسیم کی تھیں۔ یوں تقسیم کرنے کا یہ کام مکمل ہوا۔