11 اُس وقت سے جب مَیں قوم پر قاضی مقرر کرتا تھا۔ مَیں تیرے دشمنوں کو تجھ سے دُور رکھ کر تجھے امن و امان عطا کروں گا۔ آج رب فرماتا ہے کہ مَیں ہی تیرے لئے گھر بناؤں گا۔
12 جب تُو بوڑھا ہو کر کوچ کر جائے گا اور اپنے باپ دادا کے ساتھ آرام کرے گا تو مَیں تیری جگہ تیرے بیٹوں میں سے ایک کو تخت پر بٹھا دوں گا۔ اُس کی بادشاہی کو مَیں مضبوط بنا دوں گا۔
13 وہی میرے نام کے لئے گھر تعمیر کرے گا، اور مَیں اُس کی بادشاہی کا تخت ابد تک قائم رکھوں گا۔
14 مَیں اُس کا باپ ہوں گا، اور وہ میرا بیٹا ہو گا۔ جب کبھی اُس سے غلطی ہو گی تو مَیں اُسے یوں چھڑی سے سزا دوں گا جس طرح انسانی باپ اپنے بیٹے کی تربیت کرتا ہے۔
15 لیکن میری نظرِ کرم کبھی اُس سے نہیں ہٹے گی۔ اُس کے ساتھ مَیں وہ سلوک نہیں کروں گا جو مَیں نے ساؤل کے ساتھ کیا جب اُسے تیرے سامنے سے ہٹا دیا۔
16 تیرا گھرانا اور تیری بادشاہی ہمیشہ میرے حضور قائم رہے گی، تیرا تخت ہمیشہ مضبوط رہے گا‘۔“
17 ناتن نے داؤد کے پاس جا کر اُسے سب کچھ سنایا جو رب نے اُسے رویا میں بتایا تھا۔