1 جب ہارون کے دو بیٹے رب کے قریب آ کر ہلاک ہوئے تو اِس کے بعد رب موسیٰ سے ہم کلام ہوا۔
2 اُس نے کہا،”اپنے بھائی ہارون کو بتانا کہ وہ صرف مقررہ وقت پر پردے کے پیچھے مُقدّس ترین کمرے میں داخل ہو کر عہد کے صندوق کے ڈھکنے کے سامنے کھڑا ہو جائے، ورنہ وہ مر جائے گا۔ کیونکہ مَیں خود اُس ڈھکنے کے اوپر بادل کی صورت میں ظاہر ہوتا ہوں۔
3 اور جب بھی وہ داخل ہو تو گناہ کی قربانی کے لئے ایک جوان بَیل اور بھسم ہونے والی قربانی کے لئے ایک مینڈھا پیش کرے۔
4 پہلے وہ نہا کر امام کے کتان کے مُقدّس کپڑے پہن لے یعنی زیر جامہ، اُس کے نیچے پاجامہ، پھر کمربند اور پگڑی۔
5 اسرائیل کی جماعت ہارون کو گناہ کی قربانی کے لئے دو بکرے اور بھسم ہونے والی قربانی کے لئے ایک مینڈھا دے۔
6 پہلے ہارون اپنے اور اپنے گھرانے کے لئے جوان بَیل کو گناہ کی قربانی کے طور پر چڑھائے۔
7 پھر وہ دونوں بکروں کو ملاقات کے خیمے کے دروازے پر رب کے سامنے لے آئے۔