2 تعمیر کا یہ کام سلیمان کی حکومت کے چوتھے سال کے دوسرے ماہ اور اُس کے دوسرے دن شروع ہوا۔
3 مکان کی لمبائی 90 فٹ اور چوڑائی 30 فٹ تھی۔
4 سامنے ایک برآمدہ بنایا گیا جو عمارت جتنا چوڑا یعنی 30 فٹ اور 30 فٹ اونچا تھا۔ اُس کی اندرونی دیواروں پر اُس نے خالص سونا چڑھایا۔
5 بڑے ہال کی دیواروں پر اُس نے اوپر سے لے کر نیچے تک جونیپر کی لکڑی کے تختے لگائے، پھر تختوں پر خالص سونا منڈھوا کر اُنہیں کھجور کے درختوں اور زنجیروں کی تصویروں سے آراستہ کیا۔
6 سلیمان نے رب کے گھر کو جواہر سے بھی سجایا۔ جو سونا استعمال ہوا وہ پروائم سے منگوایا گیا تھا۔
7 سونا مکان، تمام شہتیروں، دہلیزوں، دیواروں اور دروازوں پر منڈھا گیا۔ دیواروں پر کروبی فرشتوں کی تصویریں بھی کندہ کی گئیں۔
8 عمارت کا سب سے اندرونی کمرا بنام مُقدّس ترین کمرا عمارت جیسا چوڑا یعنی 30 فٹ تھا۔ اُس کی لمبائی بھی 30 فٹ تھی۔ اِس کمرے کی تمام دیواروں پر 20,000 کلو گرام سے زائد سونا منڈھا گیا۔