احبار 17:11-16 URD

11 کیونکہ جِسم کی جان خُون میں ہے اور مَیں نے مذبح پر تُمہاری جانوں کے کفّارہ کے لِئے اُسے تُم کو دِیا ہے کہ اُس سے تُمہاری جانوں کے لِئے کفّارہ ہو کیونکہ جان رکھنے ہی کے سبب سے خُون کفّارہ دیتا ہے۔

12 اِسی لِئے مَیں نے بنی اِسرائیل سے کہا ہے کہ تُم میں سے کوئی شخص خُون کبھی نہ کھائے اور نہ کوئی پردیسی جو تُم میں بُود و باش کرتا ہو کبھی خُون کو کھائے۔

13 اور بنی اِسرائیل میں سے یا اُن پردیسیوں میں سے جو اُن میں بُود و باش کرتے ہیں جو کوئی شِکار میں اَیسے جانور یا پرِندہ کو پکڑے جِس کو کھانا ٹھیک ہے تو وہ اُس کے خُون کو نِکال کر اُسے مِٹّی سے ڈھانک دے۔

14 کیونکہ جِسم کی جان جو ہے وہ اُس کا خُون ہے جو اُس کی جان کے ساتھ ایک ہے ۔ اِسی لِئے مَیں نے بنی اِسرائیل کو حُکم کِیا ہے کہ تُم کِسی قِسم کے جانور کا خُون نہ کھانا کیونکہ ہر جانور کی جان اُس کا خُون ہی ہے ۔ جو کوئی اُسے کھائے وہ کاٹ ڈالا جائے گا۔

15 اور جو شخص مُردار کو یا درِندہ کے پھاڑے ہُوئے جانور کو کھائے وہ خواہ دیسی ہو یا پردیسی اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غُسل کرے اور شام تک ناپاک رہے تب وہ پاک ہو گا۔

16 لیکن اگر وہ اُن کو نہ دھوئے اور نہ غُسل کرے تو اُس کا گُناہ اُسی کے سر لگے گا۔