اِستِثنا 26:10-16 URD

10 سو اب اَے خُداوند! دیکھ جو زمِین تُونے مُجھ کو دی ہے اُس کا پہلا پَھل مَیں تیرے پاس لے آیا ہُوں ۔پِھر تُو اُسے خُداوند اپنے خُدا کے آگے رکھ دینا اور خُداوند اپنے خُدا کو سِجدہ کرنا۔

11 اور تُو اور لاوی اور جو مُسافِر تیرے درمیان رہتے ہوں سب کے سب مِل کر اُن سب نِعمتوں کے لِئے جِن کو خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو اور تیرے گھرانے کو بخشا ہو خُوشی کرنا۔

12 اور جب تُو تِیسرے سال جو دَہ یکی کا سال ہے اپنے سارے مال کی دَہ یکی نِکال چُکے تو اُسے لاوی اور مُسافِر اور یتیِم اور بیوہ کو دینا تاکہ وہ اُسے تیری بستِیوں میں کھائیں اور سیر ہوں۔

13 پِھر تُو خُداوند اپنے خُدا کے آگے یُوں کہنا کہ مَیں نے تیرے احکام کے مُطابِق جو تُو نے مُجھے دِئے مُقدّس چِیزوں کو اپنے گھر سے نِکالا اور اُن کو لاوِیوں اور مُسافِروں اور یتیِموں اور بیواؤں کو دے بھی دِیا اور مَیں نے تیرے کِسی حُکم کو نہیں ٹالا اور نہ اُن کو بُھولا۔

14 اور مَیں نے اپنے ماتم کے وقت اُن چِیزوں میں سے کُچھ نہیں کھایا اور ناپاک حالت میں اُن کو الگ نہیں کِیا اور نہ اُن میں سے کُچھ مُردوں کے لِئے دِیا ۔ مَیں نے خُداوند اپنے خُدا کی بات مانی ہے اور جو کُچھ تُو نے حُکم دِیا اُسی کے مُطابِق عمل کِیا۔

15 آسمان پر سے جو تیرا مُقدّس مسکن ہے نظر کر اور اپنی قَوم اِسرا ئیل کو اور اُس مُلک کو برکت دے جِس مُلک میں دُودھ اور شہد بہتا ہے اور جِس کو تُو نے اُس قَسم کے مُطابِق جو تُو نے ہمارے باپ دادا سے کھائی ہم کو عطا کِیا ہے۔

16 خُداوند تیرا خُدا آج تُجھ کو اِن آئِین اور احکام کے ماننے کا حُکم دیتا ہے ۔ سو تُو اپنے سارے دِل اور ساری جان سے اِن کو ماننا اور اِن پر عمل کرنا۔