1 ہر سات سال کے بعد تُو چُھٹکارا دِیا کرنا۔
2 اور چُھٹکارا دینے کا طرِیقہ یہ ہو کہ اگر کِسی نے اپنے پڑوسی کو کُچھ قرض دِیا ہو تو وہ اُسے چھوڑ دے اور اپنے پڑوسی سے یا بھائی سے اُس کا مُطالبہ نہ کرے کیونکہ خُداوند کے نام سے اِس چُھٹکارے کا اِعلان ہُؤا ہے۔
3 پردیسی سے تُو اُس کا مُطالبہ کر سکتا ہے پر جو کُچھ تیرا تیرے بھائی پر آتا ہو اُس کی طرف سے دست بردار ہو جانا۔
4 تیرے درمیان کوئی کنگال نہ رہے کیونکہ خُداوند تُجھ کو اِس مُلک میں ضرُور برکت بخشے گا جِسے خُود خُداوند تیرا خُدا مِیراث کے طَور پر تُجھ کو قبضہ کرنے کو دیتا ہے۔
5 بشرطیکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات مان کر اِن سب احکام پر چلنے کی اِحتیاط رکھّے جو مَیں آج تُجھ کو دیتا ہُوں۔
6 کیونکہ خُداوند تیرا خُدا جَیسا اُس نے تُجھ سے وعدہ کِیا ہے تُجھ کو برکت بخشے گا اور تُو بُہت سی قَوموں کو قرض دے گا پر تُجھ کو اُن سے قرض لینا نہ پڑے گااور تُو بُہت سی قَوموں پر حُکمرانی کرے گا پر وہ تُجھ پر حُکمرانی کرنے نہ پائیں گی۔
7 جو مُلک خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو دیتا ہے اگر اُس میں کہِیں تیرے پھاٹکوں کے اندر تیرے بھائِیوں میں سے کوئی مُفلِس ہو تو تُو اپنے اُس مُفلِس بھائی کی طرف سے نہ اپنا دِل سخت کرنا اور نہ اپنی مُٹّھی بند کر لینا۔
8 بلکہ اُس کی اِحتیاج رفع کرنے کو جو چِیز اُسے درکار ہو اُس کے لِئے تُو ضرُور فراخ دستی سے اُسے قرض دینا۔
9 خبردار رہنا کہ تیرے دِل میں یہ بُرا خیال نہ گُذرنے پائے کہ ساتواں سال جو چُھٹکارے کا سال ہے نزدِیک ہے اور تیرے مُفلِس بھائی کی طرف سے تیری نظر بد ہو جائے اور تُو اُسے کُچھ نہ دے اور وہ تیرے خِلاف خُداوند سے فریاد کرے اور یہ تیرے لِئے گُناہ ٹھہرے۔
10 بلکہ تُجھ کو اُسے ضرُور دینا ہو گا اور اُس کو دیتے وقت تیرے دِل کو بُرا بھی نہ لگے اِس لِئے کہ اَیسی بات کے سبب سے خُداوند تیرا خُدا تیرے سب کاموں میں اور سب مُعاملوں میں جِن کو تُو اپنے ہاتھ میں لے گا تُجھ کو برکت بخشے گا۔
11 اور چُونکہ مُلک میں کنگال سدا پائے جائیں گے اِس لِئے مَیں تُجھ کو حُکم کرتا ہُوں کہ تُو اپنے مُلک میں اپنے بھائی یعنی کنگالوں اور مُحتاجوں کے لِئے اپنی مُٹّھی کُھلی رکھنا۔
12 اگر تیرا کوئی بھائی خواہ وہ عِبرانی مَرد ہو یا عِبرانی عَورت تیرے ہاتھ بِکے اور وہ چھ برس تک تیری خِدمت کرے تو تُو ساتویں سال اُس کو آزاد ہو کر جانے دینا۔
13 اور جب تُو اُسے آزاد کر کے اپنے پاس سے رُخصت کرے تو اُسے خالی ہاتھ نہ جانے دینا۔
14 بلکہ تُو اپنی بھیڑ بکری اور کھتّے اور کولُھو میں سے دِل کھول کر اُسے دینا یعنی خُداوند تیرے خُدا نے جَیسی برکت تُجھ کو دی ہو اُس کے مُطابِق اُسے دینا۔
15 اور یاد رکھنا کہ مُلکِ مِصر میں تُو بھی غُلام تھا اور خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو چُھڑایا اِسی لِئے مَیں تُجھ کو اِس بات کا حُکم آج دیتا ہُوں۔
16 اور اگر وہ اِس سبب سے کہ اُسے تُجھ سے اور تیرے گھرانے سے مُحبّت ہو اور وہ تیرے ساتھ خُوشحال ہو تُجھ سے کہنے لگے کہ مَیں تیرے پاس سے نہیں جاتا۔
17 تو تُو ایک سُتاری لے کر اُس کا کان دروازہ سے لگا کر چھید دینا تو وہ سدا تیرا غُلام بنا رہے گا اور اپنی لَونڈی سے بھی اَیسا ہی کرنا۔
18 اور اگر تُو اُسے آزاد کر کے اپنے پاس سے رُخصت کرے تو اُسے مُشکِل نہ گرداننا کیونکہ اُس نے دو مزدُوروں کے برابر چھ برس تک تیری خِدمت کی اور خُداوند تیرا خُدا تیرے سب کاروبار میں تُجھ کو برکت بخشے گا۔
19 تیرے گائے بَیل اور بھیڑ بکرِیوں میں جِتنے پہلوٹھے نرپَیدا ہوں اُن سب کو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے مُقدّس کرنا ۔ اپنے گائے بَیل کے پہلوٹھے سے کُچھ کام نہ لینا اور نہ اپنی بھیڑ بکری کے پہلوٹھے کے بال کترنا۔
20 تُو اُسے اپنے گھرانے سمیت خُداوند اپنے خُدا کے حضُور اُسی جگہ جِسے خُداوند چُن لے سال بسال کھایا کرنا۔
21 اور اگر اُس میں کوئی نقص ہو مثلاً وہ لنگڑا یا اندھا ہو یا اُس میں اَور کوئی بُرا عَیب ہو تو خُداوند اپنے خُدا کے لِئے اُس کی قُربانی نہ گُذراننا۔
22 تُو اُسے اپنے پھاٹکوں کے اندر کھانا ۔ پاک اور ناپاک دونوں طرح کے آدمی جَیسے چکارے اور ہرن کو کھاتے ہیں وَیسے ہی اُسے کھائیں۔
23 پر اُس کے خُون کو ہرگِز نہ کھانا بلکہ تُو اُس کو پانی کی طرح زمِین پر اُنڈیل دینا۔