1 پِھر ہم نے مُڑ کر بسن کا راستہ لِیا اور بسن کا بادشاہ عوج ادر عی میں اپنے سب آدمِیوں کو لے کر ہمارے مُقابلہ میں جنگ کرنے کو آیا۔
2 اور خُداوند نے مُجھ سے کہا اُس سے مت ڈر کیونکہ مَیں نے اُس کو اور اُس کے سب آدمِیوں اور مُلک کو تیرے قبضہ میں کر دِیا ہے ۔ جَیسا تُو نے امورِیوں کے بادشاہ سِیحو ن سے جو حسبو ن میں رہتا تھا کِیا وَیسا ہی تُو اِس سے بھی کرے گا۔
3 چُنانچہ خُداوند ہمارے خُدا نے بسن کے بادشاہ عوج کو بھی اُس کے سب آدمِیوں سمیت ہمارے قابُو میں کر دِیا اور ہم نے اُن کو یہاں تک مارا کہ اُن میں سے کوئی باقی نہ رہا۔
4 اور ہم نے اُسی وقت اُس کے سب شہر لے لِئے اور ایک شہر بھی اَیسا نہ رہا جو ہم نے اُن سے لے نہ لِیا ہو ۔ یُوں اَرجُوب کا سارا مُلک جو بسن میں عوج کی سلطنت میں شامِل تھا اور اُس میں ساٹھ شہر تھے ہمارے قبضہ میں آیا۔
5 یہ سب شہر فصِیل دار تھے اور اِن کی اُونچی اُونچی دِیواریں اور پھاٹک اور بینڈے تھے ۔ اِن کے علاوہ بُہت سے اَیسے قصبے بھی ہم نے لے لِئے جو فصِیل دار نہ تھے۔
6 اور جَیسا ہم نے حسبون کے بادشاہ سِیحو ن کے ہاں کِیا وَیسا ہی اِن سب آباد شہروں کو مع عَورتوں اور بچّوں کے بِالکُل نابُود کر ڈالا۔
7 لیکن سب چَوپایوں اور شہروں کے مال کو لُوٹ کر ہم نے اپنے لِئے رکھ لِیا۔
8 یُوں ہم نے اُس وقت امورِیوں کے دونوں بادشاہوں کے ہاتھ سے جو یَردن پار رہتے تھے اُن کا مُلک وادیِ ارنون سے کوہِ حرمُو ن تک لے لِیا۔
9 (اِس حرمُون کو صَیدانی سِریُون اور اموری سنِیر کہتے ہیں)۔
10 اور سلکہ اور ادر عی تک مَیدان کے سب شہر اور سارا جِلعاد اور سارا بسن یعنی عوج کی سلطنت کے سب شہر جو بسن میں شامِل تھے ہم نے لے لِئے۔
11 (کیونکہ رفائِیم کی نسل میں سے فقط بسن کا بادشاہ عوج باقی رہا تھا ۔ اُس کا پلنگ لوہے کا بنا ہُؤا تھا اور وہ بنی عَمُّون کے شہر رَبّہ میں مَوجُود ہے اور آدمی کے ہاتھ کے ناپ کے مُطابِق نَو ہاتھ لمبا اور چار ہاتھ چَوڑا ہے)۔
12 سو اِس مُلک پر ہم نے اُس وقت قبضہ کر لِیا اور عَروعیر جو وادیِ ارنون کے کنارے ہے اور جِلعاد کے کوہِستانی مُلک کا آدھا حِصّہ اور اُس کے شہر مَیں نے رُوبِینِیوں اور جدّیوں کو دِئے۔
13 اور جِلعاد کا باقی حِصّہ اور سارا بسن یعنی اَرجُوب کا سارا مُلک جو عوج کی قلمرو میں تھا مَیں نے منسّی کے آدھے قبِیلہ کو دِیا(بسن رفائِیم کا مُلک کہلاتا تھا۔
14 اور منسّی کے بیٹے یائِیر نے جسُورِیوں اورمَعَکاتِیوں کی سرحدتک اَرجُوب کے سارے مُلک کو لے لِیا اور اپنے نام پر بسن کے شہروں کو حوّوت یائِیر کا نام دِیا جو آج تک چلا آتا ہے)۔
15 اور جِلعاد مَیں نے مکِیر کو دِیا۔
16 اور رُوبِینِیوں اور جدّیوں کو مَیں نے جِلعاد سے وادیِ ارنون تک کا مُلک یعنی اُس وادی کے بیچ کے حِصّہ کو اُن کی ایک حد ّٹھہرا کر دریایِ یبوق تک جو عَمُّونیوں کی سرحدہے اُن کو دِیا۔
17 اور مَیدان کو اور کِنّرت سے لے کر مَیدان کے دریا یعنی دریایِ شور تک جو مشرِق میں پِسگہ کے ڈھال تک پَھیلا ہُؤا ہے اور یَردن اور اُس کی ساری نواحی کو بھی مَیں نے اِن ہی کو دے دِیا۔
18 اور مَیں نے اُس وقت تُم کو حُکم دِیا کہ خُداوند تُمہارے خُدا نے تُم کو یہ مُلک دِیا ہے کہ تُم اُس پر قبضہ کرو ۔ سو تُم سب جنگی مَرد مُسلّح ہو کر اپنے بھائِیوں بنی اِسرائیل کے آگے آگے پار چلو۔
19 مگر تُمہاری بِیویاں اور تُمہارے بال بچّے اور چَوپائے (کیونکہ مُجھے معلُوم ہے کہ تُمہارے پاس چَوپائے بُہت ہیں) سو یہ سب تُمہارے اُن ہی شہروں میں رہ جائیں جو مَیں نے تُم کو دِئے ہیں۔
20 تاوقتیکہ خُداوند تُمہارے بھائِیوں کو چَین نہ بخشے جَیسے تُم کو بخشا اور وہ بھی اُس مُلک پر جو خُداوند تُمہارا خُدا یَردن کے اُس پار تُم کو دیتا ہے قبضہ نہ کر لیں ۔ تب تُم سب اپنی مِلکِیّت میں جو مَیں نے تُم کو دی ہے لَوٹ کر آنے پاؤ گے۔
21 اور اُسی مَوقع پر مَیں نے یشُوع کو حُکم دِیا کہ جو کُچھ خُداوند تُمہارے خُدا نے اِن دو بادشاہوں سے کِیا وہ سب تُو نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ۔ خُداوند اَیسا ہی اُس پار اُن سب سلطنتوں کا حال کرے گا جہاں تُو جا رہا ہے۔
22 تُم اُن سے نہ ڈرنا کیونکہ خُداوند تُمہارا خُدا تُمہاری طرف سے آپ جنگ کر رہا ہے۔
23 اُس وقت مَیں نے خُداوند سے عاجِزی کے ساتھ درخواست کی کہ۔
24 اَے خُداوند خُدا تُو نے اپنے بندہ کو اپنی عظمت اوراپنا زورآور ہاتھ دِکھانا شرُوع کِیا ہے کیونکہ آسمان میں یا زمِین پر اَیسا کَون معبُود ہے جو تیرے سے کام یا کرامات کر سکے۔
25 سو مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں کہ مُجھے پار جانے دے کہ مَیں بھی اُس اچھّے مُلک کو جو یَردن کے پار ہے اور اُس خُوشنُما پہاڑ اور لُبنان کو دیکُھوں۔
26 لیکن خُداوند تُمہارے سبب سے مُجھ سے ناراض تھا اور اُس نے میری نہ سُنی بلکہ خُداوند نے مُجھ سے کہا کہ بس کر ۔ اِس مضمُون پر مُجھ سے پِھر کبھی کُچھ نہ کہنا۔
27 تُو کوہِ پِسگہ کی چوٹی پر چڑھ جا اور مغرِب اور شِمال اور جنُوب اور مشرِق کی طرف نظر دَوڑا کر اُسے اپنی آنکھوں سے دیکھ لے کیونکہ تُو اِس یَردن کے پار نہیں جانے پائے گا۔
28 پر یشُو ع کو وصِیّت کر اور اُس کی حَوصلہ افزائی کر کے اُسے مضبُوط کر کیونکہ وہ اِن لوگوں کے آگے پار جائے گا اور وُہی اِن کو اُس مُلک کا جِسے تُو دیکھ لے گامالِک بنائے گا۔
29 چُنانچہ ہم اُس وادی میں جو بَیت فغُور ہے ٹھہرے رہے۔