اِستِثنا 30 URD

بحالی اور برکت کی شرائط

1 اور جب یہ سب باتیں یعنی برکت اور لَعنت جِن کو مَیں نے آج تیرے آگے رکھّا ہے تُجھ پر آئیں اور تُو اُن قَوموں کے بِیچ جِن میں خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو ہنکا کر پُہنچا دِیا ہو اُن کو یاد کرے۔

2 اور تُو اور تیری اَولاد دونوں خُداوند اپنے خُدا کی طرف پِھریں اور اُس کی بات اِن سب احکام کے مُطابِق جو مَیں آج تُجھ کو دیتا ہُوں اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے مانیں۔

3 تو خُداوند تیرا خُدا تیری اسِیری کو پلٹ کر تُجھ پر رحم کرے گا اور پِھر کر تُجھ کو سب قَوموں میں سے جِن میں خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو پراگندہ کِیا ہو جمع کرے گا۔

4 اگر تیرے آوارہ گرد دُنیا کے اِنتہائی حِصّوں میں بھی ہوں تو وہاں سے بھی خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو جمع کر کے لے آئے گا۔

5 اور خُداوند تیرا خُدا اُسی مُلک میں تُجھ کو لائے گا جِس پر تیرے باپ دادا نے قبضہ کِیا تھا اور تُو اُس کو اپنے قبضہ میں لائے گا ۔ پِھر وہ تُجھ سے بھلائی کرے گا اور تیرے باپ دادا سے زِیادہ تُجھ کو بڑھائے گا۔

6 اور خُداوند تیرا خُدا تیرے اور تیری اَولاد کے دِل کا خَتنہ کرے گا تاکہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے مُحبّت رکھّے اور جِیتا رہے۔

7 اور خُداوند تیرا خُدا یہ سب لَعنتیں تیرے دُشمنوں اور کِینہ رکھنے والوں پر جِنہوں نے تُجھ کو ستایا نازِل کرے گا۔

8 اور تُو لَوٹے گا اور خُداوند کی بات سُنے گا اور اُس کے سب حُکموں پر جو مَیں آج تُجھ کو دیتا ہُوں عمل کرے گا۔

9 اور خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو تیرے کاروبار اور آس اَولاد اور چَوپایوں کے بچّوں اور زمِین کی پَیداوارکے لِحاظ سے تیری بھلائی کی خاطِر تُجھ کو برومند کرے گا کیونکہ خُداوند تیری ہی بھلائی کی خاطِر پِھر تُجھ سے خُوش ہو گا جَیسے وہ تیرے باپ دادا سے خُوش تھا۔

10 بشرطیکہ تُو خُداوند اپنے خُدا کی بات کو سُن کر اُس کے احکام اور آئِین کو مانے جو شرِیعت کی اِس کِتاب میں لِکھے ہیں اور اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے خُداوند اپنے خُدا کی طرف پِھرے۔

11 کیونکہ وہ حُکم جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں تیرے لِئے بُہت مُشکِل نہیں اور نہ وہ دُور ہے۔

12 وہ آسمان پر تو ہے نہیں کہ تُو کہے کہ آسمان پر کَون ہماری خاطِرچڑھے اور اُس کو ہمارے پاس لا کر سُنائے تاکہ ہم اُس پر عمل کریں؟۔

13 اور نہ وہ سمُندر پار ہے کہ تُو کہے کہ سمُندر پار کَون ہماری خاطِر جائے اور اُس کو ہمارے پاس لا کر سُنائے تاکہ ہم اُس پر عمل کریں؟۔

14 بلکہ وہ کلام تیرے بُہت نزدِیک ہے ۔ وہ تیرے مُنہ میں اور تیرے دِل میں ہے تاکہ تُو اُس پر عمل کرے۔

15 دیکھ مَیں نے آج کے دِن زِندگی اور بھلائی کو اور مَوت اور بُرائی کو تیرے آگے رکھّا ہے۔

16 کیونکہ مَیں آج کے دِن تُجھ کو حُکم کرتا ہُوں کہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّے اور اُس کی راہوں پر چلے اور اُس کے فرمان اور آئِین اور احکام کو مانے تاکہ تُو جِیتا رہے اور بڑھے اور خُداوند تیرا خُدا اُس مُلک میں تُجھ کو برکت بخشے جِس پر قبضہ کرنے کو تُو وہاں جا رہا ہے۔

17 پر اگر تیرا دِل برگشتہ ہو جائے اور تُو نہ سُنے بلکہ گُمراہ ہو کر اَور معبُودوں کی پرستِش اور عِبادت کرنے لگے۔

18 توآج کے دِن مَیں تُم کو جتا دیتا ہُوں کہ تُم ضرُور فنا ہو جاؤ گے اور اُس مُلک میں جِس پر قبضہ کرنے کو تُو یَردن پار جا رہا ہے تُمہاری عُمر دراز نہ ہو گی۔

19 مَیں آج کے دِن آسمان اور زمِین کو تُمہارے برخِلاف گواہ بناتا ہُوں کہ مَیں نے زِندگی اور مَوت کو اور برکت اور لَعنت کو تیرے آگے رکھّا ہے پس تُو زِندگی کو اِختیار کر کہ تُو بھی جِیتا رہے اور تیری اَولاد بھی۔

20 تاکہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے مُحبّت رکھّے اور اُس کی بات سُنے اور اُسی سے لِپٹا رہے کیونکہ وُہی تیری زِندگی اور تیری عُمر کی درازی ہے تاکہ تُو اُس مُلک میں بسا رہے جِس کو تیرے باپ دادا ابرہام اور اِضحا ق اور یعقُوب کو دینے کی قَسم خُداوند نے اُن سے کھائی تھی۔ یشُوع مُوسیٰ کا جانشیِن بنتا ہے

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24 25 26 27 28 29 30 31 32 33 34