14 تب مَیں دیکھ کر اُٹھا اور امِیروں اور حاکِموں اورباقی لوگوں سے کہا کہ تُم اُن سے مت ڈرو خُداوند کوجو بزُرگ اور مُہِیب ہے یاد کرو اور اپنے بھائیوں اوربیٹے بیٹیوں اور اپنی بِیویوں اور گھروں کے لِئے لڑو۔
15 اور جب ہمارے دُشمنوں نے سُنا کہ یہ بات ہم کو معلُوم ہو گئی اور خُدا نے اُن کا منصُوبہ باطِل کر دِیا تو ہم سب کے سب شہر پناہ کو اپنے اپنے کام پر لَوٹے۔
16 اور اَیسا ہُؤا کہ اُس دِن سے میرے آدھے نَوکر کام میں لگ جاتے اور آدھے برچھیاں اور ڈھالیں اور کمانیں لِئے اور بکتر پہنے رہتے تھے اور وہ جو حاکِم تھے یہُودا ہ کے سارے خاندان کے پِیچھے مَوجُود رہتے تھے۔
17 سو جو لوگ دِیوار بناتے تھے اور جو بوجھ اُٹھاتے اورڈھوتے تھے ہر ایک اپنے ایک ہاتھ سے کام کرتا تھا اوردُوسرے میں اپنا ہتھیار لِئے رہتا تھا۔
18 اور مِعماروں میں سے ہر ایک آدمی اپنی تلوار اپنی کمرسے باندھے ہُوئے کام کرتا تھا اور وہ جو نرسِنگا پھُونکتاتھا میرے پاس رہتا تھا۔
19 اور مَیں نے امِیروں اور حاکِموں اور باقی لوگوں سے کہا کہ کام تو بڑا اور پَھیلا ہُؤا ہے اور ہم دِیوارپر الگ الگ ایک دُوسرے سے دُور رہتے ہیں۔
20 سو جِدھر سے نرسِنگا تُم کو سُنائی دے اُدھر ہی تُم ہمارے پاس چلے آنا ۔ ہمارا خُدا ہمارے لِئے لڑے گا۔