1 دانِش مند کے برابر کَون ہے؟ اور کِسی بات کی تفسِیر کرنا کَون جانتا ہے؟ اِنسان کی حِکمت اُس کے چِہرہ کو روشن کرتی ہے اور اُس کے چِہرہ کی سختی اُس سے بدل جاتی ہے۔
2 مَیں تُجھے صلاح دیتا ہُوں کہ تُو بادشاہ کے حُکم کو خُدا کی قَسم کے سبب سے مانتا رہ۔
3 تُو جلد بازی کر کے اُس کے حضُور سے غائِب نہ ہو اورکِسی بُری بات پر اِصرار نہ کر کیونکہ وہ جو کُچھ چاہتاہے کرتا ہے۔
4 اِس لِئے کہ بادشاہ کا حُکم بااِختیار ہے اور اُس سے کَون کہے گا کہ تُو یہ کیا کرتا ہے؟۔
5 جو کوئی حُکم مانتا ہے بُرائی کو نہ دیکھے گا اور دانِش مندکا دِل مَوقع اور اِنصاف کو سمجھتا ہے۔
6 اِس لِئے کہ ہر امر کا مَوقع اور قاعِدہ ہے لیکن اِنسان کی مُصِیبت اُس پر بھاری ہے۔
7 کیونکہ جو کُچھ ہوگا اُس کو معلُوم نہیں اور کَون اُسے بتا سکتا ہے کہ کیونکر ہو گا؟۔