مُکاشفہ 19:9-15 URD

9 اور اُس نے مُجھ سے کہا لِکھ ۔مُبارک ہیں وہ جو بّرہ کی شادی کی ضِیافت میں بُلائے گئے ہیں ۔ پِھر اُس نے مُجھ سے کہا یہ خُدا کی سچّی باتیں ہیں۔

10 اور مَیں اُسے سِجدہ کرنے کے لِئے اُس کے پاؤں پر گِرا ۔ اُس نے مُجھ سے کہا کہ خبردار! اَیسا نہ کر ۔ مَیں بھی تیرا اور تیرے اُن بھائِیوں کا ہم خِدمت ہُوں جو یِسُوع کی گواہی دینے پر قائِم ہیں ۔ خُدا ہی کو سِجدہ کرکیونکہ یِسُو ع کی گواہی نبُوّت کی رُوح ہے۔

11 پِھر مَیں نے آسمان کو کھُلا ہُؤا دیکھا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ ایک سفید گھوڑا ہے اور اُس پر ایک سوار ہے جو سچّا اور برحق کہلاتا ہے اور وہ راستی کے ساتھ اِنصاف اور لڑائی کرتا ہے۔

12 اور اُس کی آنکھیں آگ کے شُعلے ہیں اور اُس کے سر پر بُہت سے تاج ہیں اور اُس کا ایک نام لِکھا ہُؤا ہے جِسے اُس کے سِوا اَور کوئی نہیں جانتا۔

13 اور وہ خُون کی چِھڑکی ہُوئی پوشاک پہنے ہُوئے ہے اور اُس کا نام کلامِ خُدا کہلاتا ہے۔

14 اور آسمان کی فَوجیں سفید گھوڑوں پر سوار اور سفید اور صاف مہِین کتانی کپڑے پہنے ہُوئے اُس کے پِیچھے پِیچھے ہیں۔

15 اور قَوموں کے مارنے کے لِئے اُس کے مُنہ سے ایک تیز تَلوار نِکلتی ہے اور وہ لوہے کے عصا سے اُن پر حُکومت کرے گا اور قادِرِ مُطلِق خُدا کے سخت غضب کی مَے کے حَوض میں انگُور رَوندے گا۔