یہُوداہ 1:4-10 URD

4 کیونکہ بعض اَیسے شخص چُپکے سے ہم میں آ مِلے ہیں جِن کی اِس سزا کا ذِکر قدِیم زمانہ میں پیشتر سے لِکھا گیا تھا ۔ یہ بے دِین ہیں اور ہمارے خُدا کے فضل کو شَہوت پرستی سے بدل ڈالتے ہیں اور ہمارے واحِد مالِک اور خُداوند یِسُوع مسِیح کا اِنکار کرتے ہیں۔

5 پس اگرچہ تُم سب باتیں ایک بار جان چُکے ہو تَو بھی یہ بات تُمہیں یاد دِلانا چاہتا ہُوں کہ خُداوند نے ایک اُمّت کو مُلکِ مِصر میں سے چُھڑانے کے بعد اُنہیں ہلاک کِیا جو اِیمان نہ لائے۔

6 اور جِن فرِشتوں نے اپنی حُکومت کو قائِم نہ رکھّا بلکہ اپنے خاص مقام کو چھوڑ دِیا اُن کواُس نے دائِمی قَید میں تارِیکی کے اَندر روزِ عظِیم کی عدالت تک رکھّا ہے۔

7 اِسی طرح سدُو م اور عمُورہ اور اُن کے آس پاس کے شہر جو اُن کی طرح حرامکاری میں پڑ گئے اور غَیر جِسم کی طرف راغِب ہُوئے ہمیشہ کی آگ کی سزا میں گرِفتار ہو کر جایِ عِبرت ٹھہرے ہیں۔

8 تَو بھی یہ لوگ بھی اپنے وَہموں میں مُبتلا ہو کر اُن کی طرح جِسم کو ناپاک کرتے اور حُکومت کو ناچِیز جانتے اور عِزّت داروں پر لَعن طَعن کرتے ہیں۔

9 لیکن مُقرّب فرِشتہ مِیکا ئیل نے مُوسیٰ کی لاش کی بابت اِبلِیس سے بحث و تکرار کرتے وقت لَعن طَعن کے ساتھ اُس پر نالِش کرنے کی جُرأت نہ کی بلکہ یہ کہا کہ خُداوند تُجھے ملامت کرے۔

10 مگر یہ جِن باتوں کو نہیں جانتے اُن پر لَعن طَعن کرتے ہیں اور جِن کو بے عقل جانوروں کی طرح طبعی طَور پر جانتے ہیں اُن میں اپنے آپ کو خراب کرتے ہیں۔