اِستِثنا 30:1-7 URD

1 اور جب یہ سب باتیں یعنی برکت اور لَعنت جِن کو مَیں نے آج تیرے آگے رکھّا ہے تُجھ پر آئیں اور تُو اُن قَوموں کے بِیچ جِن میں خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو ہنکا کر پُہنچا دِیا ہو اُن کو یاد کرے۔

2 اور تُو اور تیری اَولاد دونوں خُداوند اپنے خُدا کی طرف پِھریں اور اُس کی بات اِن سب احکام کے مُطابِق جو مَیں آج تُجھ کو دیتا ہُوں اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے مانیں۔

3 تو خُداوند تیرا خُدا تیری اسِیری کو پلٹ کر تُجھ پر رحم کرے گا اور پِھر کر تُجھ کو سب قَوموں میں سے جِن میں خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو پراگندہ کِیا ہو جمع کرے گا۔

4 اگر تیرے آوارہ گرد دُنیا کے اِنتہائی حِصّوں میں بھی ہوں تو وہاں سے بھی خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو جمع کر کے لے آئے گا۔

5 اور خُداوند تیرا خُدا اُسی مُلک میں تُجھ کو لائے گا جِس پر تیرے باپ دادا نے قبضہ کِیا تھا اور تُو اُس کو اپنے قبضہ میں لائے گا ۔ پِھر وہ تُجھ سے بھلائی کرے گا اور تیرے باپ دادا سے زِیادہ تُجھ کو بڑھائے گا۔

6 اور خُداوند تیرا خُدا تیرے اور تیری اَولاد کے دِل کا خَتنہ کرے گا تاکہ تُو خُداوند اپنے خُدا سے اپنے سارے دِل اور اپنی ساری جان سے مُحبّت رکھّے اور جِیتا رہے۔

7 اور خُداوند تیرا خُدا یہ سب لَعنتیں تیرے دُشمنوں اور کِینہ رکھنے والوں پر جِنہوں نے تُجھ کو ستایا نازِل کرے گا۔