اِستِثنا 31:14-20 URD

14 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ دیکھ تیرے مَرنے کے دِن آ پُہنچے ۔ سو تُو یشُوع کو بُلا لے اور تُم دونوں خَیمۂِ اِجتماع میں حاضِر ہو جاؤ تاکہ مَیں اُسے ہدایت کرُوں ۔ چُنانچہ مُوسیٰ اور یشُوع روانہ ہو کر خَیمۂِ اِجتماع میں حاضِر ہُوئے۔

15 اور خُداوند ابر کے سُتُون میں ہو کر خَیمہ میں نمُودار ہُؤا اور ابر کا سُتُون خَیمہ کے دروازہ پر ٹھہر گیا۔

16 تب خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا دیکھ تُو اپنے باپ دادا کے ساتھ سو جائے گا اور یہ لوگ اُٹھ کر اُس مُلک کے اجنبی دیوتاؤں کی پَیروی میں جِن کے بِیچ وہ جا کر رہیں گے زِنا کار ہو جائیں گے اور مُجھ کو چھوڑ دیں گے اور اُس عہد کو جو مَیں نے اُن کے ساتھ باندھا ہے توڑ ڈالیں گے۔

17 تب اُس وقت میرا قہر اُن پر بھڑکے گا اور مَیں اُن کو چھوڑ دُوں گا اور اُن سے اپنا مُنہ چُھپالُوں گا اور وہ نِگل لِئے جائیں گے اور بُہت سی بلائیں اورمُصِیبتیں اُن پر آئیں گی چُنانچہ وہ اُس دِن کہیں گے کیا ہم پر یہ بلائیں اِسی سبب سے نہیں آئِیں کہ ہمارا خُدا ہمارے درمیان نہیں؟۔

18 اُس وقت اُن سب بدیوں کے سبب سے جو اَور معبُودوں کی طرف مائِل ہو کر اُنہوں نے کی ہوں گی مَیں ضرُور اپنا مُنہ چُھپالُوں گا۔

19 سو تُم یہ گِیت اپنے لِئے لِکھ لو اور تُو اُسے بنی اِسرائیل کو سِکھانا اور اُن کو حِفظ کرا دینا تاکہ یہ گِیت بنی اِسرائیل کے خِلاف میرا گواہ رہے۔

20 اِس لِئے کہ جب مَیں اُن کو اُس مُلک میں جِس کی قَسم مَیں نے اُن کے باپ دادا سے کھائی اور جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے پُہنچا دُوں گا اور وہ خُوب کھا کھا کر موٹے ہو جائیں گے تب وہ اَور معبُودوں کی طرف پِھر جائیں گے اور اُن کی عِبادت کریں گے اور مُجھے حقیر جانیں گے اور میرے عہد کو توڑ ڈالیں گے۔