اِستِثنا 8:1-6 URD

1 سب حُکموں پر جو آج کے دِن مَیں تُجھ کو دیتا ہُوں تُم اِحتیاط کر کے عمل کرنا تاکہ تُم جِیتے اور بڑھتے رہو اور جِس مُلک کی بابت خُداوند نے تُمہارے باپ دادا سے قَسم کھائی ہے تُم اُس میں جا کر اُس پر قبضہ کرو۔

2 اور تُو اُس سارے طرِیق کو یاد رکھنا جِس پر اِن چالِیس برسوں میں خُداوند تیرے خُدا نے تُجھ کو اِس بیابان میں چلایا تاکہ وہ تُجھ کو عاجِز کر کے آزمائے اور تیرے دِل کی بات دریافت کرے کہ تُو اُس کے حُکموں کو مانے گا یا نہیں۔

3 اور اُس نے تُجھ کو عاجِز کِیا بھی اور تُجھ کو بُھوکا ہونے دِیا اور وہ مَنّ جِسے نہ تُو نہ تیرے باپ دادا جانتے تھے تُجھ کو کِھلایا تاکہ تُجھ کو سِکھائے کہ اِنسان صِرف روٹی ہی سے جِیتا نہیں رہتا بلکہ ہر بات سے جوخُداوند کے مُنہ سے نِکلتی ہے وہ جِیتا رہتا ہے۔

4 اِن چالِیس برسوں میں نہ تو تیرے تن پر تیرے کپڑے پُرانے ہُوئے اور نہ تیرے پاؤں سُوجے۔

5 اور تُو اپنے دِل میں خیال رکھنا کہ جِس طرح آدمی اپنے بیٹے کو تنبِیہ کرتا ہے وَیسے ہی خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو تنبِیہ کرتا ہے۔

6 سو تُو خُداوند اپنے خُدا کی راہوں پر چلنے اور اُس کا خَوف ماننے کے لِئے اُس کے حُکموں پر عمل کرنا۔