3 اور اُس نے تُجھ کو عاجِز کِیا بھی اور تُجھ کو بُھوکا ہونے دِیا اور وہ مَنّ جِسے نہ تُو نہ تیرے باپ دادا جانتے تھے تُجھ کو کِھلایا تاکہ تُجھ کو سِکھائے کہ اِنسان صِرف روٹی ہی سے جِیتا نہیں رہتا بلکہ ہر بات سے جوخُداوند کے مُنہ سے نِکلتی ہے وہ جِیتا رہتا ہے۔
4 اِن چالِیس برسوں میں نہ تو تیرے تن پر تیرے کپڑے پُرانے ہُوئے اور نہ تیرے پاؤں سُوجے۔
5 اور تُو اپنے دِل میں خیال رکھنا کہ جِس طرح آدمی اپنے بیٹے کو تنبِیہ کرتا ہے وَیسے ہی خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو تنبِیہ کرتا ہے۔
6 سو تُو خُداوند اپنے خُدا کی راہوں پر چلنے اور اُس کا خَوف ماننے کے لِئے اُس کے حُکموں پر عمل کرنا۔
7 کیونکہ خُداوند تیرا خُدا تُجھ کو ایک اچھّے مُلک میں لِئے جاتا ہے ۔ وہ پانی کی ندیوں اور اَیسے چشموں اور سوتوں کا مُلک ہے جو وادِیوں اور پہاڑوں سے پُھوٹ کر نِکلتے ہیں۔
8 وہ اَیسا مُلک ہے جہاں گیہُوں اور جَو اور انگُور اور انجِیر کے درخت اور انار ہوتے ہیں ۔ وہ اَیسا مُلک ہے جہاں رَوغن دار زَیتُون اور شہد بھی ہے۔
9 اُس مُلک میں تُجھ کو روٹی بافِراط مِلے گی اور تُجھ کو کِسی چِیز کی کمی نہ ہو گی کیونکہ اُس مُلک کے پتّھر بھی لوہا ہیں اور وہاں کے پہاڑوں سے تُو تانبا کھود کر نِکال سکے گا۔