حِزقی ایل 13:8-14 URD

8 اِس لِئے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ چُونکہ تُم نے جُھوٹ کہا ہے اور بُطلان دیکھا اِس لِئے خُداوند خُدا فرماتا ہے کہ مَیں تُمہارا مُخالِف ہُوں۔

9 اور میرا ہاتھ اُن نبِیوں پر جو بُطلان دیکھتے ہیں اور جُھوٹی غَیب دانی کرتے ہیں چلے گا نہ وہ میرے لوگوں کے مجمع میں شامِل ہوں گے اور نہ اِسرائیل کے خاندان کے دفتر میں لِکھے جائیں گے اور نہ وہ اِسرائیل کے مُلک میں داخِل ہوں گے اور تُم جان لو گے کہ مَیں خُداوندخُدا ہُوں۔

10 اِس سبب سے کہ اُنہوں نے میرے لوگوں کو یہ کہ کر ورغلایا ہے کہ سلامتی ہے حالانکہ سلامتی نہیں ۔ جب کوئی دِیوار بناتا ہے تو وہ اُس پر کچّی کہگِل کرتے ہیں۔

11 تُو اُن سے جو اُس پر کچّی کہگِل کرتے ہیں کہہ وہ گِر جائے گی کیونکہ مُوسلا دھار بارِش ہو گی اور بڑے بڑے اولے پڑیں گے اور آندھی اُسے گِرا دے گی۔

12 اور جب وہ دِیوار گِرے گی تو کیا لوگ تُم سے نہ پُوچھیں گے کہ وہ کہگِل کہاں ہے جو تُم نے اُس پر کی تھی؟۔

13 اِس لِئے خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ مَیں اپنے غضب کے طُوفان سے اُسے توڑ دُوں گا اور میرے قہر سے جھما جھم مِینہہ برسے گا اور میرے قہر کے اولے پڑیں گے تاکہ اُسے نابُود کریں۔

14 سو مَیں اُس دِیوار کو جِس پر تُم نے کچّی کہگِل کی ہے توڑ ڈالُوں گا اور زمِین پر گِراؤُں گا یہاں تک کہ اُس کی بُنیاد ظاہِر ہو جائے گی ۔ ہاں وہ گِرے گی اور تُم اُسی میں ہلاک ہو گے اور جانو گے کہ مَیں خُداوند ہُوں۔