حِزقی ایل 25:1-7 URD

1 اور خُداوند خُدا کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔

2 کہ اَے آدم زاد بنی عمُّون کی طرف مُتوجِّہ ہو اور اُن کے خِلاف نبُوّت کر۔

3 اور بنی عمُّون سے کہہ خُداوند خُدا کا کلام سُنو ۔ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے چُونکہ تُو نے میرے مَقدِس پر جب وہ ناپاک کِیا گیا اور اِسرائیل کے مُلک پر جب وہ اُجاڑا گیا اور بنی یہُوداہ پر جب وہ اسِیر ہو کر گئے اہاہا! کہا۔

4 اِس لِئے مَیں تُجھے اہلِ مشرِق کے حوالہ کر دُوں گا کہ تُو اُن کی مِلکِیّت ہو اور وہ تُجھ میں اپنے ڈیرے لگائیں گے اور تیرے اندر اپنے مکان بنائیں گے اور تیرے میوے کھائیں گے اور تیرا دُودھ پِئیں گے۔

5 اور مَیں ربّہ کو اُونٹوں کا اصطبل اور بنی عمُّون کی سرزمِین کو بھیڑسالہ بنا دُوں گا اور تُو جانے گا کہ مَیں خُداوند ہُوں۔

6 کیونکہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ چُونکہ تُو نے تالِیاں بجائِیں اور پاؤں پٹکے اور اِسرائیل کی مملکت کی بربادی پر اپنی کمال عداوت سے بڑی شادمانی کی۔

7 اِس لِئے دیکھ مَیں اپنا ہاتھ تُجھ پر چلاؤُں گا اورتُجھے دِیگر اقوام کے حوالہ کرُوں گا تاکہ وہ تُجھ کولُوٹ لیں اور مَیں تُجھے اُمّتوں میں سے کاٹ ڈالُوں گااور مُلکوں میں سے تُجھے نیست و نابُود کرُوں گا ۔ مَیں تُجھے ہلاک کرُوں گا اور تُو جانے گا کہ خُداوند مَیںہُوں۔