حِزقی ایل 32:9-15 URD

9 اور جب مَیں تیری شِکستہ حالی کی خبر کو قَوموں کے درمِیان اُن مُلکوں میں جِن سے تُو ناواقِف ہے پُہنچاؤُں گا تو اُمّتوں کا دِل آزُردہ کرُوں گا۔

10 بلکہ بُہت سی اُمّتوں کو تیرے حال سے حَیران کرُوں گا اور اُن کے بادشاہ تیرے سبب سے سخت ترسان ہوں گے ۔ جب مَیں اُن کے سامنے اپنی تلوار چمکاؤُں گا تو اُن میں سے ہر ایک اپنی جان کی خاطِر تیرے گِرنے کے دِن ہر دم تھرتھرائے گا۔

11 کیونکہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ شاہِ بابل کی تلوار تُجھ پر چلے گی۔

12 مَیں تیری جمعیّت کو زبردستوں کی تلوار سے جو سب کے سب قَوموں میں ہَیبت ناک ہیں ہلاک کرُوں گا اور وہ مِصر کی شَوکت کو مَوقُوف اور اُس کی تمام جمعِیّت کو نیست کریں گے۔

13 اور مَیں اُس کے سب جانوروں کو آبِ کثِیر کے پاس سے نابُود کرُوں گا اور آگے کو نہ اِنسان کے پاؤں اُسے گدلا کریں گے نہ حَیوان کے سُم۔

14 تب مَیں اُن کا پانی صاف کر دُوں گا اور اُن کی ندِیاں رَوغن کی طرح جاری ہوں گی خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

15 جب مَیں مُلکِ مِصر کو وِیران اور سُنسان کرُوں گا اور وہ اپنی معمُوری سے خالی ہو جائے گا ۔ جب مَیں اُس کے تمام باشِندوں کو ہلاک کرُوں گا تب وہ جانیں گے کہ خُداوندمَیں ہُوں۔