حِزقی ایل 38:13-19 URD

13 سبا اور ددا ن اور ترسِیس کے سَوداگر اور اُن کے تمام جوان شیرِ بَبر تُجھ سے پُوچھیں گے کیا تُو غارت کرنے آیا ہے؟ کیا تُو نے اپنا غول اِس لِئے جمع کِیا ہے کہ مال چِھین لے اور چاندی سونا لُوٹے اور مویشی اور مال لے جائے اور بڑی غنِیمت حاصِل کرے؟۔

14 اِس لِئے اَے آدم زاد نبُوّت کر اور جُوج سے کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ جب میری اُمّت اِسرائیل امن سے بسے گی کیا تُجھے خبر نہ ہو گی؟۔

15 اور تُو اپنی جگہ سے شِمال کی دُور اطراف سے آئے گا تُو اور بُہت سے لوگ تیرے ساتھ جو سب کے سب گھوڑوں پر سوار ہوں گے ۔ ایک بڑی فَوج اور بھاری لشکر۔

16 تُو میری اُمّت اِسرائیل کے مُقابلہ کو نِکلے گا اور زمِین کو بادل کی طرح چُھپا لے گا ۔ یہ آخِری دِنوں میں ہو گا اور مَیں تُجھے اپنی سرزمِین پر چڑھا لاؤُں گا تاکہ قَومیں مُجھے جانیں جِس وقت مَیں اَے جُوج اُن کی آنکھوں کے سامنے تُجھ سے اپنی تقدِیس کراؤُں۔

17 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ کیا تُو وُہی نہیں جِس کی بابت مَیں نے قدِیم زمانہ میں اپنے خِدمت گُذار اِسرائیلی نبِیوں کی معرفت جِنہوں نے اُن ایّام میں سالہا سال تک نبُوّت کی فرمایا تھا کہ مَیں تُجھے اُن پر چڑھا لاؤُں گا؟۔

18 اور یُوں ہو گا کہ اُن ایّام میں جب جُوج اِسرائیل کی مملکت پر چڑھائی کرے گا تو میرا قہر میرے چِہرہ سے نُمایاں ہو گا خُداوند خُدا فرماتا ہے۔

19 کیونکہ مَیں نے اپنی غَیرت اور آتشِ قہر میں فرمایا کہ یقِیناً اُس روز اِسرائیل کی سرزمِین میں سخت زلزلہ آئے گا۔