حِزقی ایل 47:18-23 URD

18 اور مشرِقی سرحد حَورا ن اور دمِشق اور جِلعاد کے درمِیان سے اور اِسرائیل کی سرزمِین کے درمِیان سے یَرد ن پر ہو گی۔ شِمالی سرحد سے مشرِقی سمُندر تک ناپنا ۔ مشرِقی جانِب یِہی ہے۔

19 اور جنُوب کی طرف جنُوبی سرحد یہ ہے یعنی تمر سے مرِیبو ت کے قادِ س کے پانی سے اور نہرِ مِصر سے ہو کر بڑے سمُندر تک ۔ جنُوبی جانِب یِہی ہے۔

20 اور اُسی سرحد سے حمات کے مدخل کے مُقابِل بڑا سمُندر مغرِبی سرحد ہو گا ۔ مغرِبی جانِب یِہی ہے۔

21 اِسی طرح تُم قبائِلِ اِسرائیل کے مُطابِق زمِین کو آپس میں تقسِیم کرو گے۔

22 اور یُوں ہو گا کہ تُم اپنے اور اُن بیگانوں کے درمِیان جو تُمہارے ساتھ بستے ہیں اور جِن کی اَولاد تُمہارے درمِیان پَیدا ہُوئی جو تُمہارے لِئے دیسی بنی اِسرائیل کی مانِند ہوں گے مِیراث تقسِیم کرنے کے لِئے قُرعہ ڈالو گے ۔ وہ تُمہارے ساتھ قبائِل اِسرائیل کے درمِیان مِیراث پائیں گے۔

23 اور یُوں ہو گا کہ جِس جِس قبِیلہ میں کوئی بیگانہ بستا ہو گا اُسی میں تُم اُسے مِیراث دو گے خُداوند خُدا فرماتا ہے۔