خُرُوج 11 URD

مُوسیٰ پہلَوٹھوں کی ہلاکت کا اِعلان کرتا ہے

1 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ مَیں فِرعو ن اور مِصریوں پر ایک بلا اَور لاؤُں گا ۔ اُس کے بعد وہ تُم کو یہاں سے جانے دے گا اور جب وہ تُم کو جانے دے گا تو یقِیناً تُم سب کو یہاں سے بِالکُل نِکال دے گا۔

2 سو اب تُو لوگوں کے کان میں یہ بات ڈال دے کہ اُن میں سے ہر شخص اپنے پڑوسی اور ہر عَورت اپنی پڑوسن سے سونے چاندی کے زیور لے۔

3 اور خُداوند نے اُن لوگوں پر مِصریوں کو مِہربان کر دِیا اور یہ آدمی مُوسیٰ بھی مُلکِ مِصر میں فِرعو ن کے خادِموں کے نزدِیک اور اُن لوگوں کی نِگاہ میں بڑا بزُرگ تھا۔

4 اور مُوسیٰ نے کہا کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں آدھی رات کو نِکل کر مِصر کے بِیچ میں جاؤُں گا۔

5 اور مُلکِ مِصر کے سب پہلَوٹھے فِرعو ن جو تخت پر بَیٹھا ہے اُس کے پہلَوٹھے سے لے کر وہ لَونڈی جو چکّی پِیستی ہے اُس کے پہلَوٹھے تک اور سب چَوپایوں کے پہلَوٹھے مَر جائیں گے۔

6 اور سارے مُلکِ مِصر میں اَیسا بڑا ماتم ہو گا جَیسانہ کبھی پہلے ہُؤا اور نہ پِھر کبھی ہو گا۔

7 لیکن اِسرائیلِیوں میں سے کِسی پر خواہ اِنسان ہو خواہ حَیوان ایک کُتا بھی نہیں بَھونکے گا تاکہ تُم جان لو کہ خُداوند مِصریوں اور اِسرائیلِیوں میں کَیسا فرق کرتا ہے۔

8 اور تیرے یہ سب نوکر میرے پاس آ کر میرے آگے سرنِگُوں ہوں گے اور کہیں گے کہ تُو بھی نِکل اور تیرے سب پَیرو بھی نِکلیں ۔ اِس کے بعد مَیں نِکل جاؤُں گا۔ یہ کہہ کروہ بڑے طَیش میں فِرعو ن کے پاس سے نِکل کر چلا گیا۔

9 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا کہ فِرعو ن تُمہاری اِسی سبب سے نہیں سُنے گا تاکہ عجائِب مُلکِ مِصر میں بُہت زِیادہ ہو جائیں۔

10 اور مُوسیٰ اور ہارُو ن نے یہ کرامات فِرعو ن کو دِکھائیں اور خُداوند نے فِرعو ن کے دِل کو سخت کر دِیا کہ اُس نے اپنے مُلک سے بنی اِسرائیل کو جانے نہ دِیا۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24 25 26 27 28 29 30 31 32 33 34 35 36 37 38 39 40