خُرُوج 30 URD

بخُور جلانے کی قُربان گاہ

1 اور تُو بخُور جلانے کے لِئے کِیکر کی لکڑی کی ایک قُربان گاہ بنانا۔

2 اُس کی لمبائی ایک ہاتھ اور چَوڑائی ایک ہاتھ ہو ۔ وہ چَوکُھونٹی رہے اور اُس کی اُونچائی دو ہاتھ ہو اور اُس کے سِینگ اُسی ٹُکڑے سے بنائے جائیں۔

3 اور تُو اُس کی اُوپر کی سطح اور چاروں پہلُوؤں کو جو اُس کے گِرداگِرد ہیں اور اُس کے سِینگوں کو خالِص سونے سے منڈھنا اور اُس کے لِئے گِرداگِرد ایک زرِّین تاج بنانا۔

4 اور تُو اُس تاج کے نِیچے اُس کے دونوں پہلُوؤں میں سونے کے دو کڑے اُس کی دونوں طرف بنانا ۔ وہ اُس کے اُٹھانے کی چوبوں کے لِئے خانوں کا کام دیں گے۔

5 اور چوبیں کِیکر کی لکڑی کی بنا کر اُن کو سونے سے منڈھنا۔

6 اور تُو اُس کو اُس پردہ کے آگے رکھنا جو شہادت کے صندُوق کے سامنے ہے ۔ وہ سرپوش کے سامنے رہے جو شہادت کے صندُوق کے اُوپر ہے جہاں مَیں تُجھ سے مِلا کرُوں گا۔

7 اِسی پر ہارُو ن خُوشبُودار بخُور جلایا کرے ۔ ہر صُبح چراغوں کو ٹھیک کرتے وقت بخُور جلائے۔

8 اور زوال غرُوب کے درمیان بھی جب ہارُو ن چراغوں کو رَوشن کرے تب بخُور جلائے ۔ یہ بخُور خُداوند کے حضُور تُمہاری پُشت در پُشت ہمیشہ جلایا جائے۔

9 اور تُم اُس پر اَور طرح کا بخُور نہ جلانا نہ اُس پر سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی چڑھانا اور کوئی تپاون بھی اُس پر نہ تپانا۔

10 اور ہارُو ن سال میں ایک بار اُس کے سِینگوں پر کفّارہ دے ۔ تُمہاری پُشت در پُشت سال میں ایک بار اِس خطا کی قُربانی کے خُون سے جو کفّارہ کے لِئے ہو اُس کے واسطے کفّارہ دِیا جائے ۔ یہ خُداوند کے لِئے سب سے زِیادہ پاک ہے۔

خُداوند کے مسکن (خَیمۂِ اِجتماع) کے لِئے اصُول

11 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

12 جب تُو بنی اِسرائیل کا شُمار کرے تو جِتنوں کا شُمار ہُؤا ہو وہ فی مَرد شُمار کے وقت اپنی جان کا فِدیہ خُداوند کے لِئے دیں تاکہ جب تُو اُن کا شُمار کر رہا ہو اُس وقت کوئی وبا اُن میں پَھیلنے نہ پائے۔

13 ہر ایک جو نِکل نِکل کر شُمار کِئے ہُوؤں میں مِلتا جائے وہ مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے نِیم مِثقال دے ۔ مِثقال بِیس جِیرہ کی ہوتی ہے ۔ یہ نِیم مِثقال خُداوند کے لِئے نذر ہے۔

14 جِتنے بِیس برس کے یا اِس سے زِیادہ عُمر کے نِکل نِکل کر شُمار کِئے ہُوؤں میں مِلتے جائیں اُن میں سے ہر ایک خُداوند کی نذر دے۔

15 جب تُمہاری جانوں کے کفّارہ کے لِئے خُداوند کی نذر دی جائے تو دَولت مند نِیم مِثقال سے زِیادہ نہ دے اور نہ غرِیب اُس سے کم دے۔

16 اور تُو بنی اِسرائیل سے کفّارہ کی نقدی لے کر اُسے خَیمۂِ اِجتماع کے کام میں لگانا تاکہ وہ بنی اِسرائیل کی طرف سے تُمہاری جانوں کے کفّارہ کے لِئے خُداوند کے حضُور یادگار ہو۔

پِیتل کا حَوض

17 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

18 تُو دھونے کے لِئے پِیتل کا ایک حَوض اور پِیتل ہی کی اُس کی کُرسی بنانا اور اُسے خَیمۂِ اِجتماع اور قُربان گاہ کے بِیچ میں رکھ کر اُس میں پانی بھر دینا۔

19 اور ہارُو ن اور اُس کے بیٹے اپنے ہاتھ پاؤں اُس سے دھویا کریں۔

20 خَیمۂِ اِجتماع میں داخِل ہوتے وقت پانی سے دھو لِیا کریں تاکہ ہلاک نہ ہوں یا جب وہ قُربان گاہ کے نزدِیک خِدمت کے واسطے یعنی خُداوند کے لِئے سوختنی قُربانی چڑھانے کو آئیں۔

21 تو اپنے اپنے ہاتھ پاؤں دھو لیں تاکہ مَر نہ جائیں ۔ یہ اُس کے اور اُس کی اَولاد کے لِئے نسل در نسل دائمی رسم ہو۔

مَسح کرنے کا تیل

22 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا۔

23 کہ تُو مَقدِس کی مِثقال کے حِساب سے خاص خاص خُوشبُودار مصالِح لینا یعنی اپنے آپ نِکلا ہُؤ ا مُر پانچ سَو مِثقال اور اُس کا آدھا یعنی ڈھائی سَو مِثقال دارچِینی اور خُوشبُودار اگر ڈھائی سَو مِثقال۔

24 اور تج پانچ سَو مِثقال اور زَیتُون کا تیل ایک ہین۔

25 اور تُو اُن سے مَسح کرنے کا پاک تیل بنانا یعنی اُن کو گندھی کی حِکمت کے مُطابِق مِلا کر ایک خُوشبُودار رَوغن تیّار کرنا ۔ یہی مَسح کرنے کا پاک تیل ہو گا۔

26 اِسی سے تُو خَیمۂِ اِجتماع کو اور شہادت کے صندُوق کو۔

27 اور میز کو اُس کے ظرُوف سمیت اور شمعدان کو اُس کے ظرُوف سمیت اور بخُور جلانے کی قُربان گاہ کو۔

28 اور سوختنی قُربانی چڑھانے کے مذبح کو اُس کے سب ظرُوف سمیت اور حَوض کو اور اُس کی کُرسی کو مَسح کرنا۔

29 اور تُو اُن کو مُقدّ س کرنا تاکہ وہ نہایت پاک ہو جائیں ۔ جو کُچھ اُن سے چُھو جائے گا وہ پاک ٹھہرے گا۔

30 اور تُو ہارُو ن اور اُس کے بیٹوں کو مَسح کرنا اور اُن کو مُقدّس کرنا تاکہ وہ میرے لِئے کاہِن کی خِدمت کو انجام دیں۔

31 اور تُو بنی اِسرائیل سے کہہ دینا کہ یہ تیل میرے لِئے تُمہاری پُشت در پُشت مَسح کرنے کا پاک تیل ہو گا۔

32 یہ کِسی آدمی کے جِسم پر نہ ڈالا جائے اور نہ تُم کوئی اَور رَوغن اِس کی ترکیب سے بنانا اِس لِئے کہ یہ مُقدّس ہے اور تُمہارے نزدِیک مُقدّس ٹھہرے۔

33 جو کوئی اِس کی طرح کُچھ بنائے یا اِس میں سے کُچھ کِسی اجنبی پر لگائے وہ اپنی قَوم میں سے کاٹ ڈالا جائے۔

بخُور

34 اور خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا تُو خُوشبُودار مصالِح مُر اور مصطکی اور لَون اور خُوشبُودار مصالِح کے ساتھ خالِص لُبان وزن میں برابر برابر لینا۔

35 اور نمک مِلا کر اُن سے گندھی کی حِکمت کے مُطابِق خُوشبُودار رَوغن کی طرح صاف اور پاک بخُور بنانا۔

36 اور اِس میں سے کُچھ خُوب بارِیک پِیس کر خَیمۂِ اِجتماع میں شہادت کے صندُوق کے سامنے جہاں میں تُجھ سے مِلا کرُوں گا رکھنا ۔ یہ تُمہارے لِئے نہایت پاک ٹھہرے۔

37 اور جو بخُور تُو بنائے اُس کی ترکِیب کے مُطابِق تُم اپنے لِئے کُچھ نہ بنانا ۔ وہ بخُور تیرے نزدِیک خُداوند کے لِئے پاک ہو۔

38 جو کوئی سُونگھنے کے لِئے بھی اُس کی طرح کُچھ بنائے وہ اپنی قَوم میں سے کاٹ ڈالا جائے۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24 25 26 27 28 29 30 31 32 33 34 35 36 37 38 39 40