1 اور مُوسیٰ اپنے خُسر یِترو کی جو مِدیان کا کاہِن تھا بھیڑ بکریاں چراتا تھا اور وہ بھیڑ بکر یوں کو ہنکاتا ہُؤا اُن کو بیابان کی پرلی طرف سے خُدا کے پہاڑ حورِب کے نزدِیک لے آیا۔
2 اور خُداوند کا فرِشتہ ایک جھاڑی میں سے آگ کے شُعلہ میں اُس پر ظاہِر ہُؤا ۔ اُس نے نِگا ہ کی اور کیا دیکھتا ہے کہ ایک جھاڑی میں آگ لگی ہُوئی ہے پر وہ جھاڑی بھسم نہیں ہوتی۔
3 تب مُوسیٰ نے کہا مَیں اب ذرا اُدھر کترا کر اِس بڑے منظر کو دیکھُوں کہ یہ جھاڑی کیوں نہیں جل جاتی۔
4 جب خُداوند نے دیکھا کہ وہ دیکھنے کو کترا کر آرہا ہے تو خُدا نے اُسے جھاڑی میں سے پُکارا اور کہا اَے مُوسیٰ ! اَے مُوسیٰ !اُس نے کہا مَیں حاضِر ہُوں۔
5 تب اُس نے کہا اِدھر پاس مت آ ۔ اپنے پاؤں سے جُوتا اُتار کیونکہ جِس جگہ تُو کھڑا ہے وہ مُقدّس زمِین ہے۔
6 پِھر اُس نے کہا کہ مَیں تیرے باپ کا خُدا یعنی ابرہا م کا خُدا اور اِضحاق کا خُدا اور یعقُوب کا خُدا ہُوں ۔ مُوسیٰ نے اپنا مُنہ چُھپایا کیونکہ وہ خُدا پر نظر کرنے سے ڈرتا تھا۔
7 اور خُداوند نے کہا مَیں نے اپنے لوگوں کی تکلِیف جو مِصر میں ہیں خُوب دیکھی اور اُن کی فریاد جو بیگار لینے والوں کے سبب سے ہے سُنی اور مَیں اُن کے دُکھوں کو جانتا ہُوں۔
8 اور مَیں اُترا ہُوں کہ اُن کو مِصرِیوں کے ہاتھ سے چُھڑاؤُں اور اُس مُلک سے نِکال کر اُن کو ایک اچھّے اور وسِیع مُلک میں جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے یعنی کنعانیوں اور حِتّیوں اور اموریوں اور فرزّیوں اور حوّیوں اور یبوسِیوں کے مُلک میں پُہنچاؤُں۔
9 دیکھ بنی اِسرائیل کی فریاد مُجھ تک پُہنچی ہے اور مَیں نے وہ ظُلم بھی جو مِصری اُن پر کرتے ہیں دیکھا ہے۔
10 سو اب آ مَیں تُجھے فِرعون کے پاس بھیجتا ہُوں کہ تُومیری قَوم بنی اِسرائیل کو مِصر سے نِکال لائے۔
11 مُوسیٰ نے خُدا سے کہا مَیں کَون ہُوں جو فِرعون کے پاس جاؤُں اور بنی اِسرائیل کو مِصر سے نِکال لاؤُں؟۔
12 اُس نے کہا مَیں ضرُور تیرے ساتھ رہُوں گااور اِس کا کہ مَیں نے تُجھے بھیجا ہے تیرے لِئے یہ نِشان ہو گا کہ جب تُو اُن لوگوں کو مِصر سے نِکال لائے گا تو تُم اِس پہاڑ پر خُدا کی عِبادت کرو گے۔
13 تب مُوسیٰ نے خُدا سے کہا جب مَیں بنی اِسرائیل کے پاس جا کر اُن کو کہُوں کہ تُمہارے باپ دادا کے خُدا نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے اور وہ مُجھے کہیں کہ اُس کا نام کیا ہے؟ تو مَیں اُن کو کیا بتاؤُں؟۔
14 خُدا نے مُوسیٰ سے کہا مَیں جو ہُوں سو مَیں ہُوں ۔ سو تُو بنی اِسرائیل سے یُوں کہنا کہ مَیں جو ہُوں نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے۔
15 پِھر خُدا نے مُوسیٰ سے یہ بھی کہا کہ تُو بنی اِسرائیل سے یُوں کہنا کہ خُداوند تُمہارے باپ دادا کے خُدا ابرہام کے خُدا اور اِضحاق کے خُدا اور یعقُوب کے خُدا نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے ۔ ابد تک میرا یِہی نام ہے اور سب نسلوں میں اِسی سے میرا ذِکر ہو گا۔
16 جا کر اِسرائیلی بزُرگوں کو ایک جگہ جمع کر اور اُن کو کہہ کہ خُداوند تُمہارے باپ دادا کے خُدا ابرہام اور اِضحاق اور یعقُوب کے خُدا نے مُجھے دِکھائی دے کر یہ کہا ہے کہ مَیں نے تُم کو بھی اور جو کُچھ برتاؤ تُمہارے ساتھ مِصر میں کِیا جا رہا ہے اُسے بھی خُوب دیکھا ہے۔
17 اور مَیں نے کہا ہے کہ مَیں تُم کو مِصر کے دُکھ میں سے نِکال کر کنعانیوں اور حِتّیوں اور اموریوں اور فرزّیوں اور حوّیوں اور یبوسِیوں کے مُلک میں لے چلُوں گا جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے۔
18 اور وہ تیری بات مانیں گے اور تُو اِسرائیلی بزُرگوں کو ساتھ لے کر مِصر کے بادشاہ کے پاس جانا اور اُس سے کہنا کہ خُداوند عِبرانیوں کے خُدا کی ہم سے مُلاقات ہُوئی ۔ اب تُو ہم کو تِین دِن کی منزل تک بیابان میں جانے دے تاکہ ہم خُداوند اپنے خُدا کے لِئے قُربانی کریں۔
19 اور مَیں جانتا ہُوں کہ مِصر کا بادشاہ تُم کو نہ یُوں جانے دے گا نہ بڑے زور سے۔
20 سو مَیں اپنا ہاتھ بڑھاؤُں گا اور مِصر کو اُن سب عجائب سے جو مَیں اُس میں کرُوں گا مُصِیبت میں ڈال دُوں گا ۔ اِس کے بعد وہ تُم کو جانے دے گا۔
21 اور مَیں اُن لوگوں کو مِصرِیوں کی نظر میں عِزّت بخشُوں گا اور یُوں ہو گا کہ جب تُم نِکلو گے تو خالی ہاتھ نہ نِکلو گے۔
22 بلکہ تُمہاری ایک ایک عَورت اپنی اپنی پڑوسن سے اور اپنے اپنے گھر کی مہمان سے سونے چاندی کے زیور اور لِباس مانگ لے گی ۔ اِن کو تُم اپنے بیٹوں اور بیٹِیوں کو پہناؤ گے اور مِصرِیوں کو لُوٹ لو گے۔