10 سو اب آ مَیں تُجھے فِرعون کے پاس بھیجتا ہُوں کہ تُومیری قَوم بنی اِسرائیل کو مِصر سے نِکال لائے۔
11 مُوسیٰ نے خُدا سے کہا مَیں کَون ہُوں جو فِرعون کے پاس جاؤُں اور بنی اِسرائیل کو مِصر سے نِکال لاؤُں؟۔
12 اُس نے کہا مَیں ضرُور تیرے ساتھ رہُوں گااور اِس کا کہ مَیں نے تُجھے بھیجا ہے تیرے لِئے یہ نِشان ہو گا کہ جب تُو اُن لوگوں کو مِصر سے نِکال لائے گا تو تُم اِس پہاڑ پر خُدا کی عِبادت کرو گے۔
13 تب مُوسیٰ نے خُدا سے کہا جب مَیں بنی اِسرائیل کے پاس جا کر اُن کو کہُوں کہ تُمہارے باپ دادا کے خُدا نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے اور وہ مُجھے کہیں کہ اُس کا نام کیا ہے؟ تو مَیں اُن کو کیا بتاؤُں؟۔
14 خُدا نے مُوسیٰ سے کہا مَیں جو ہُوں سو مَیں ہُوں ۔ سو تُو بنی اِسرائیل سے یُوں کہنا کہ مَیں جو ہُوں نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے۔
15 پِھر خُدا نے مُوسیٰ سے یہ بھی کہا کہ تُو بنی اِسرائیل سے یُوں کہنا کہ خُداوند تُمہارے باپ دادا کے خُدا ابرہام کے خُدا اور اِضحاق کے خُدا اور یعقُوب کے خُدا نے مُجھے تُمہارے پاس بھیجا ہے ۔ ابد تک میرا یِہی نام ہے اور سب نسلوں میں اِسی سے میرا ذِکر ہو گا۔
16 جا کر اِسرائیلی بزُرگوں کو ایک جگہ جمع کر اور اُن کو کہہ کہ خُداوند تُمہارے باپ دادا کے خُدا ابرہام اور اِضحاق اور یعقُوب کے خُدا نے مُجھے دِکھائی دے کر یہ کہا ہے کہ مَیں نے تُم کو بھی اور جو کُچھ برتاؤ تُمہارے ساتھ مِصر میں کِیا جا رہا ہے اُسے بھی خُوب دیکھا ہے۔