1 پِھر خُداوند نے مُوسیٰ سے کہا پہلی لَوحوں کی مانِند پتّھر کی دو لَوحیں اپنے لِئے تراش لینا اور مَیں اُن لَوحوں پر وُہی باتیں لِکھ دُوں گا جو پہلی لَوحوں پر جِن کو تُو نے توڑ ڈالا مرقُوم تِھیں۔
2 اور صُبح تک تیّار ہو جانا اور سویرے ہی کوہِ سِینا پر آکر وہاں پہاڑ کی چوٹی پر میرے سامنے حاضِر ہونا۔
3 پر تیرے ساتھ کوئی اَور آدمی نہ آئے اور نہ پہاڑ پر کہِیں کوئی دُوسرا شخص دِکھائی دے ۔ بھیڑ بکریاں اور گائے بَیل بھی پہاڑ کے سامنے چرنے نہ پائیں۔
4 اور مُوسیٰ نے پہلی لَوحوں کی مانِند پتّھر کی دو لَوحیں تراشِیں اور صُبح سویرے اُٹھ کر پتّھر کی دونوں لَوحیں ہاتھ مَیں لِئے ہُوئے خُداوند کے حُکم کے مُطابِق کوہِ سِینا پر چڑھ گیا۔
5 تب خُداوند ابر میں ہو کر اُترا اور اُس کے ساتھ وہاں کھڑے ہو کر خُداوند کے نام کا اِعلان کِیا۔
6 اور خُداوند اُس کے آگے سے یہ پُکارتا ہُؤا گُذرا خُداوند خُداوند خُدایِ رحیم اور مہربان قہر کرنے میں دِھیما اور شفقت اور وفا میں غنی۔
7 ہزاروں پر فضل کرنے والا ۔ گُناہ اور تقصِیر اور خطا کا بخشنے والا لیکن وہ مُجرِم کو ہرگِز بری نہیں کرے گا بلکہ باپ دادا کے گُناہ کی سزا اُن کے بیٹوں اور پوتوں کو تِیسری اور چَوتھی پُشت تک دیتا ہے۔