دانی ایل 3:1-7 URD

1 نبُوکد نضر بادشاہ نے ایک سونے کی مُورت بنوائی جِس کی لمبائی ساٹھ ہاتھ اور چَوڑائی چھ ہاتھ تھی اور اُسے دُورا کے مَیدان صُوبۂِ بابل میں نصب کِیا۔

2 تب نبُوکد نضر بادشاہ نے لوگوں کو بھیجا کہ ناظِموں اور حاکِموں اور سرداروں اور قاضِیوں اور خزانچِیوں اور مُشِیروں اور مُفتِیوں اور تمام صُوبوں کے منصب داروں کو جمع کریں تاکہ وہ اُس مُورت کی تقدِیس پر حاضِر ہوں جِس کو نبُوکد نضر بادشاہ نے نصب کِیا تھا۔

3 تب ناظِم اور حاکِم اور سردار اور قاضی اور خزانچی اور مُشِیر اور مُفتی اور صُوبوں کے تمام منصب دار اُس مُورت کی تقدِیس کے لِئے جِسے نبُوکد نضر بادشاہ نے نصب کِیا تھا جمع ہُوئے اور وہ اُس مُورت کے سامنے جِس کو نبُوکد نضر نے نصب کِیا تھا کھڑے ہُوئے۔

4 تب ایک مُناد نے بُلند آواز سے پُکار کر کہا اَے لوگو! اَے اُمّتو اور اَے مُختلِف زُبانیں بولنے والو! تُمہارے لِئے یہ حُکم ہے کہ۔

5 جِس وقت قرنا اور نَے اور سِتار اور رباب اور بربط اور چغانہ اور ہر طرح کے ساز کی آواز سُنو تو اُس سونے کی مُورت کے سامنے جِس کو نبُوکد نضر بادشاہ نے نصب کِیا ہے گِر کر سِجدہ کرو۔

6 اور جو کوئی گِر کر سِجدہ نہ کرے اُسی وقت آگ کی جلتی بھٹّی میں ڈالا جائے گا۔

7 اِس لِئے جِس وقت سب لوگوں نے قرنا اور نَے اور سِتار اور رباب اور بربط اور ہر طرح کے ساز کی آواز سُنی تو سب لوگوں اور اُمّتوں اور مُختلِف زُبانیں بولنے والوں نے اُس مُورت کے سامنے جِس کو نبُوکد نضر بادشاہ نے نصب کِیا تھا گِر کر سِجدہ کِیا۔