8 اور خُداوند کے ذبِیحہ کے دِن یُوں ہو گا کہ مَیں اُمرا اور شاہزادوں کو اور اُن سب کو جو اجنبیوں کی پوشاک پہِنتے ہیں سزا دُوں گا۔
9 مَیں اُسی روز اُن سب کو جو لوگوں کے گھروں میں گُھس کر اپنے آقا کے گھر کو لُوٹ اور مکر سے بھرتے ہیں سزا دُوں گا۔
10 اور خُداوند فرماتا ہے اُسی روز مچھلی پھاٹک سے رونے کی آواز اور مِشنہ سے ماتم کی اور ٹِیلوں پر سے بڑے غَوغا کی صدا اُٹھے گی۔
11 اَے مکتِیس کے رہنے والو! ماتم کرو کیونکہ سب سَوداگر مارے گئے ۔ جو چاندی سے لدے تھے سب ہلاک ہُوئے۔
12 پِھر مَیں چراغ لے کر یروشلیِم میں تلاش کرُوں گا اور جِتنے اپنی تلچھٹ پر جم گئے ہیں اور دِل میں کہتے ہیں کہ خُداوند سزا و جزا نہ دے گا اُن کو سزا دُوں گا۔
13 تب اُن کا مال لُٹ جائے گا اور اُن کے گھر اُجڑ جائیں گے ۔ وہ گھر تو بنائیں گے پر اُن میں بُود و باش نہ کریں گے اور تاکِستان لگائیں گے پر اُن کی مَے نہ پِئیں گے۔
14 خُداوند کا روزِ عظِیم قرِیب ہے ہاں وہ نزدِیک آ گیا۔ وہ آ پُہنچا! سُنو! خُداوند کے دِن کا شور! زبردست آدمی پُھوٹ پُھوٹ کر روئے گا۔