ملاکی 2 URD

1 اور اب اَے کا ہِنو تُمہارے لِئے یہ حُکم ہے۔

2 ربُّ الافواج فرماتا ہے اگر تُم شِنوا نہ ہو گے اور میرے نام کی تمجِید کو مدِنظر نہ رکھّو گے تو مَیں تُم کو اور تُمہاری نِعمتوں کو ملعُون کرُوں گا بلکہ اِس لِئے کہ تُم نے اُسے مدِنظر نہ رکھّا مَیں ملعُون کر چُکا ہُوں۔

3 دیکھو مَیں تُمہارے بازُو بیکار کر دُوں گا اور تُمہارے مُنہ پر نجاست یعنی تُمہاری قُربانِیوں کی نجاست پھینکُوں گا اور تُم اُسی کے ساتھ پھینک دِئے جاؤ گے۔

4 اور تُم جان لو گے کہ مَیں نے تُم کو یہ حُکم اِس لِئے دِیا ہے کہ میرا عہد لاو ی کے ساتھ قائِم رہے ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

5 اُس کے ساتھ میرا عہد زِندگی اور سلامتی کا تھا اورمَیں نے اُسے زِندگی اور سلامتی اِس لِئے بخشی کہ وہ ڈرتا رہے چُنانچہ وہ مُجھ سے ڈرا اور میرے نام سے ترسان رہا۔

6 سچّائی کی شرِیعت اُس کے مُنہ میں تھی اور اُس کے لبوں پر ناراستی نہ پائی گئی ۔ وہ میرے حضُور سلامتی اورراستی سے چلتا رہا اور وہ بُہتوں کو بدی کی راہ سے واپس لایا۔

7 کیونکہ لازِم ہے کہ کاہِن کے لب معرفت کو محفُوظ رکھّیں اور لوگ اُس کے مُنہ سے شرعی مسائِل پُوچھیں کیونکہ وہ ربُّ الافواج کا رسُول ہے۔

8 پر تُم راہ سے مُنحرِف ہو گئے ۔ تُم شرِیعت میں بُہتوں کے لِئے ٹھوکر کا باعِث ہُوئے ۔ تُم نے لاوی کے عہد کوخراب کِیا ربُّ الافواج فرماتا ہے۔

9 پس مَیں نے تُم کو سب لوگوں کی نظر میں ذلِیل اور حقِیر کِیا کیونکہ تُم میری راہوں پر قائِم نہ رہے بلکہ تُم نے شرعی مُعاملات میں رُو داری کی۔

خُدا سے لوگوں کی بے وفائی

10 کیا ہم سب کا ایک ہی باپ نہیں؟ کیا ایک ہی خُدا نے ہم سب کو پَیدا نہیں کِیا؟ پِھر کیوں ہم اپنے بھائِیوں سے بیوفائی کرکے اپنے باپ دادا کے عہد کی بے حُرمتی کرتے ہیں؟۔

11 یہُوداہ نے بیوفائی کی ۔اِسرائیل اور یرو شلِیم میں مکرُوہ کام ہُؤا ہے ۔ یہُوداہ نے خُداوند کی قدّوُسِیت کو جو اُس کو عزِیز تھی بے حُرمت کِیا اور ایک غَیر معبُود کی بیٹی بیاہ لایا۔

12 خُداوند اَیسا کرنے والے سے زِندہ اور جواب دہِندہ اور ربُّ الافواج کے حضُور قُربانی گُذراننے والے یعقُوب کے خَیموں سے مُنقطع کر دے گا۔

13 پِھر تُمہارے اعمال کے سبب سے خُداوند کے مذبح پر آہ و نالہ اور آنسُوؤں کی اَیسی کثرت ہے کہ وہ نہ تُمہارے ہدیہ کو دیکھے گا اور نہ تُمہارے ہاتھ کی نذر کو خُوشی سے قبُول کرے گا۔

14 تَو بھی تُم کہتے ہو کہ سبب کیا ہے؟ سبب یہ ہے کہ خُداوند تیرے اور تیری جوانی کی بِیوی کے درمِیان گواہ ہے ۔ تُو نے اُس سے بیوفائی کی ہے اگرچہ وہ تیری رفِیق اور منکُوحہ بِیوی ہے۔

15 اور کیا اُس نے ایک ہی کو پَیدا نہیں کیا باوُجُودیکہ اُس کے پاس اَور ارواح مَوجُود تھِیں؟ پِھر کیوں ایک ہی کو پَیدا کِیا؟ اِس لِئے کہ خُدا ترس نسل پَیدا ہو ۔ پس تُم اپنے نفس سے خبردار رہو اور کوئی اپنی جوانی کی بِیوی سے بیوفائی نہ کرے۔

16 کیونکہ خُداوند اِسرائیل کا خُدا فرماتا ہے مَیں طلاق سے بیزار ہُوں اور اُس سے بھی جو اپنی بِیوی پر ظُلم کرتا ہے ربُّ الافواج فرماتا ہے اِس لِئے تُم اپنے نفس سے خبردار رہو تاکہ بیوفائی نہ کرو۔

عدالت کا دِن قرِیب ہے

17 تُم نے اپنی باتوں سے خُداوند کو بیزار کر دِیا تَو بھی تُم کہتے ہو کِس بات میں ہم نے اُسے بیزار کِیا؟ اِسی میں جو کہتے ہو کہ ہر شخص جو بُرائی کرتا ہے خُداوند کی نظر میں نیک ہے اور وہ اُس سے خُوش ہے اور یہ کہ عدل کا خُدا کہاں ہے؟۔

ابواب

1 2 3 4