۲-سلاطِین 15:18-24 URD

18 اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی اور نباط کے بیٹے یرُبعا م کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے اِسرا ئیل سے گُناہ کرایا اپنی ساری عُمر باز نہ آیا۔

19 اور شاہِ اسُور پُول اُس کے مُلک پر چڑھ آیا ۔ سو مناحِم نے ہزار قِنطار چاندی پُول کو نذر کی تاکہ وہ اُس کی دست گِیری کرے اور سلطنت کو اُس کے ہاتھ میں مُستحکم کر دے۔

20 اور مناحِم نے یہ نقدی شاہِ اسُور کو دینے کے لِئے اِسرا ئیل سے یعنی سب بڑے بڑے دَولت مندوں سے پچاس پچاس مِثقال فی کس کے حِساب سے جبراً لی ۔ سو اسُور کا بادشاہ لَوٹ گیا اور اُس مُلک میں نہ ٹھہرا۔

21 اور مناحِم کے باقی کام اور سب کُچھ جو اُس نے کِیا سو کیا وہ اِسرا ئیل کے بادشاہوں کی توارِیخ کی کِتاب میں قلم بند نہیں؟۔

22 اور مناحِم اپنے باپ دادا کے ساتھ سو گیا اور اُس کا بیٹا فِقحیا ہ اُس کی جگہ بادشاہ ہُؤا۔

23 اور شاہِ یہُودا ہ عزریا ہ کے پچاسویں سال مناحِم کا بیٹا فِقحیا ہ سامرِ یہ میں اِسرا ئیل پر سلطنت کرنے لگا اور اُس نے دو برس سلطنت کی۔

24 اور اُس نے خُداوند کی نظر میں بدی کی ۔ وہ نباط کے بیٹے یرُبعا م کے گُناہوں سے جِن سے اُس نے اِسرا ئیل سے گُناہ کرایا باز نہ آیا۔