۲-سلاطِین 22:11-17 URD

11 جب بادشاہ نے تَورَیت کی کِتاب کی باتیں سُنِیں تو اپنے کپڑے پھاڑے۔

12 اور بادشاہ نے خِلقیاہ کاہِن اور سافن کے بیٹے اخی قا م اور مِیکایا ہ کے بیٹے عکبور اور سافن مُنشی اور عسا یاہ کو جو بادشاہ کا مُلازِم تھا یہ حُکم دِیا کہ۔

13 یہ کِتاب جو مِلی ہے اِس کی باتوں کے بارے میں تُم جا کر میری اور سب لوگوں اور سارے یہُودا ہ کی طرف سے خُداوند سے دریافت کرو کیونکہ خُداوند کا بڑا غضب ہم اِسی سبب سے بھڑکا ہے کہ ہمارے باپ دادا نے اِس کِتاب کی باتوں کو نہ سُنا کہ جو کُچھ اُس میں ہمارے بارے میں لِکھا ہے اُس کے مُطابِق عمل کرتے۔

14 تب خِلقیاہ کاہِن اور اخی قا م اور عکبور اور سافن اور عسا یاہ خُلد ہ نبِیّہ کے پاس گئے جو توشہ خانہ کے داروغہ سلُو م بِن تِقوہ بِن خرخس کی بِیوی تھی (یہ یروشلیِم میں مِشنہ نامی محلّہ میں رہتی تھی) ۔ سو اُنہوں نے اُس سے گُفتگُو کی۔

15 اُس نے اُن سے کہا خُداوند اِسرا ئیل کا خُدا یُوں فرماتا ہے کہ تُم اُس شخص سے جِس نے تُم کو میرے پاس بھیجا ہے کہنا۔

16 کہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں اِس کِتاب کی اُن سب باتوں کے مُطابِق جِن کو شاہِ یہُودا ہ نے پڑھا ہے اِس مقام پر اور اِس کے سب باشِندوں پر بلا نازِل کرُوں گا۔

17 کیونکہ اُنہوں نے مُجھے ترک کِیا اور غَیر معبُودوں کے آگے بخُور جلایا تاکہ اپنے ہاتھوں کے سب کاموں سے مُجھے غُصّہ دِلائیں ۔ سو میرا قہر اِس مقام پر بھڑکے گااور ٹھنڈا نہ ہو گا۔