۱۔تھسلنیکیوں 4:12-18 UGV

12 جب آپ ایسا کریں گے تو غیرایمان دار آپ کی قدر کریں گے اور آپ کسی بھی چیز کے محتاج نہیں رہیں گے۔

13 بھائیو، ہم چاہتے ہیں کہ آپ اُن کے بارے میں حقیقت جان لیں جو سو گئے ہیں تاکہ آپ دوسروں کی طرح جن کی کوئی اُمید نہیں ماتم نہ کریں۔

14 ہمارا ایمان ہے کہ عیسیٰ مر گیا اور دوبارہ جی اُٹھا، اِس لئے ہمارا یہ بھی ایمان ہے کہ جب عیسیٰ واپس آئے گا تو اللہ اُس کے ساتھ اُن ایمان داروں کو بھی واپس لائے گا جو موت کی نیند سو گئے ہیں۔

15 جو کچھ ہم اب آپ کو بتا رہے ہیں وہ خداوند کی تعلیم ہے۔ خداوند کی آمد پر ہم جو زندہ ہوں گے سوئے ہوئے لوگوں سے پہلے خداوند سے نہیں ملیں گے۔

16 اُس وقت اونچی آواز سے حکم دیا جائے گا، فرشتۂ اعظم کی آواز سنائی دے گی، اللہ کا تُرم بجے گا اور خداوند خود آسمان پر سے اُتر آئے گا۔ تب پہلے وہ جی اُٹھیں گے جو مسیح میں مر گئے تھے۔

17 اِن کے بعد ہی ہمیں جو زندہ ہوں گے بادلوں پر اُٹھا لیا جائے گا تاکہ ہَوا میں خداوند سے ملیں۔ پھر ہم ہمیشہ خداوند کے ساتھ رہیں گے۔

18 چنانچہ اِن الفاظ سے ایک دوسرے کو تسلی دیا کریں۔