۲۔تھسلنیکیوں 2:9-15 UGV

9 ”بےدینی کے آدمی“ میں ابلیس کام کرے گا۔ جب وہ آئے گا تو ہر قسم کی طاقت کا اظہار کرے گا۔ وہ جھوٹے نشان اور معجزے پیش کرے گا۔

10 یوں وہ اُنہیں ہر طرح کے شریر فریب میں پھنسائے گا جو ہلاک ہونے والے ہیں۔ لوگ اِس لئے ہلاک ہو جائیں گے کہ اُنہوں نے سچائی سے محبت کرنے سے انکار کیا، ورنہ وہ بچ جاتے۔

11 اِس وجہ سے اللہ اُنہیں بُری طرح سے فریب میں پھنسنے دیتا ہے تاکہ وہ اِس جھوٹ پر ایمان لائیں۔

12 نتیجے میں سب جو سچائی پر ایمان نہ لائے بلکہ ناراستی سے لطف اندوز ہوئے مجرم ٹھہریں گے۔

13 میرے بھائیو، واجب ہے کہ ہم ہر وقت آپ کے لئے خدا کا شکر کریں جنہیں خداوند پیار کرتا ہے۔ کیونکہ اللہ نے آپ کو شروع ہی سے نجات پانے کے لئے چن لیا، ایسی نجات کے لئے جو روح القدس سے پاکیزگی پا کر سچائی پر ایمان لانے سے حاصل ہوتی ہے۔

14 اللہ نے آپ کو اُس وقت یہ نجات پانے کے لئے بُلا لیا جب ہم نے آپ کو اُس کی خوش خبری سنائی۔ اور اب آپ ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کے جلال میں شریک ہو سکتے ہیں۔

15 بھائیو، اِس لئے ثابت قدم رہیں اور اُن روایات کو تھامے رکھیں جو ہم نے آپ کو سکھائی ہیں، خواہ زبانی یا خط کے ذریعے۔