احبار 1:11-17 UGV

11 پیش کرنے والا اُسے رب کے سامنے قربان گاہ کی شمالی سمت میں ذبح کرے۔ پھر ہارون کے بیٹے جو امام ہیں اُس کا خون قربان گاہ کے چار پہلوؤں پر چھڑکیں۔

12 اِس کے بعد پیش کرنے والا جانور کے ٹکڑے ٹکڑے کرے اور امام یہ ٹکڑے سر اور چربی سمیت قربان گاہ کی جلتی ہوئی لکڑیوں پر ترتیب سے رکھے۔

13 لازم ہے کہ قربانی پیش کرنے والا پہلے جانور کی انتڑیاں اور پنڈلیاں دھوئے، پھر امام پورے جانور کو رب کو پیش کر کے قربان گاہ پر جلا دے۔ اِس جلنے والی قربانی کی خوشبو رب کو پسند ہے۔

14 اگر بھسم ہونے والی قربانی پرندہ ہو تو وہ قمری یا جوان کبوتر ہو۔

15 امام اُسے قربان گاہ کے پاس لے آئے اور اُس کا سر مروڑ کر قربان گاہ پر جلا دے۔ وہ اُس کا خون یوں نکلنے دے کہ وہ قربان گاہ کی ایک طرف سے نیچے ٹپکے۔

16 وہ اُس کا پوٹا اور جو اُس میں ہے دُور کر کے قربان گاہ کی مشرقی سمت میں پھینک دے، وہاں جہاں راکھ پھینکی جاتی ہے۔

17 اُسے پیش کرتے وقت امام اُس کے پَر پکڑ کر پرندے کو پھاڑ ڈالے، لیکن یوں کہ وہ بالکل ٹکڑے ٹکڑے نہ ہو جائے۔ پھر امام اُسے قربان گاہ پر جلتی ہوئی لکڑیوں پر جلا دے۔ اِس جلنے والی قربانی کی خوشبو رب کو پسند ہے۔