احبار 10:1-6 UGV

1 ہارون کے بیٹے ندب اور ابیہو نے اپنے اپنے بخوردان لے کر اُن میں جلتے ہوئے کوئلے ڈالے۔ اُن پر بخور ڈال کر وہ رب کے سامنے آئے تاکہ اُسے پیش کریں۔ لیکن یہ آگ ناجائز تھی۔ رب نے یہ پیش کرنے کا حکم نہیں دیا تھا۔

2 اچانک رب کے حضور سے آگ نکلی جس نے اُنہیں بھسم کر دیا۔ وہیں رب کے سامنے وہ مر گئے۔

3 موسیٰ نے ہارون سے کہا، ”اب وہی ہوا ہے جو رب نے فرمایا تھا کہ جو میرے قریب ہیں اُن سے مَیں اپنی قدوسیت ظاہر کروں گا، مَیں تمام قوم کے سامنے ہی اپنے جلال کا اظہار کروں گا۔“ہارون خاموش رہا۔

4 موسیٰ نے ہارون کے چچا عُزی ایل کے بیٹوں میسائیل اور اِلصَفن کو بُلا کر کہا، ”اِدھر آؤ اور اپنے رشتے داروں کو مقدِس کے سامنے سے اُٹھا کر خیمہ گاہ کے باہر لے جاؤ۔“

5 وہ آئے اور موسیٰ کے حکم کے عین مطابق اُنہیں اُن کے زیر جاموں سمیت اُٹھا کر خیمہ گاہ کے باہر لے گئے۔

6 موسیٰ نے ہارون اور اُس کے دیگر بیٹوں اِلی عزر اور اِتمر سے کہا، ”ماتم کا اظہار نہ کرو۔ نہ اپنے بال بکھرنے دو، نہ اپنے کپڑے پھاڑو۔ ورنہ تم مر جاؤ گے اور رب پوری جماعت سے ناراض ہو جائے گا۔ لیکن تمہارے رشتے دار اور باقی تمام اسرائیلی ضرور اِن کا ماتم کریں جن کو رب نے آگ سے ہلاک کر دیا ہے۔