احبار 10:9-15 UGV

9 ”جب بھی تجھے یا تیرے بیٹوں کو ملاقات کے خیمے میں داخل ہونا ہے تو مَے یا کوئی اَور نشہ آور چیز پینا منع ہے، ورنہ تم مر جاؤ گے۔ یہ اصول آنے والی نسلوں کے لئے بھی ابد تک اَن مٹ ہے۔

10 یہ بھی لازم ہے کہ تم مُقدّس اور غیرمُقدّس چیزوں میں، پاک اور ناپاک چیزوں میں امتیاز کرو۔

11 تمہیں اسرائیلیوں کو تمام پابندیاں سکھانی ہیں جو مَیں نے تمہیں موسیٰ کی معرفت بتائی ہیں۔“

12 موسیٰ نے ہارون اور اُس کے بچے ہوئے بیٹوں اِلی عزر اور اِتمر سے کہا، ”غلہ کی نذر کا جو حصہ رب کے سامنے جلایا نہیں جاتا اُسے اپنے لئے لے کر بےخمیری روٹی پکانا اور قربان گاہ کے پاس ہی کھانا۔ کیونکہ وہ نہایت مُقدّس ہے۔

13 اُسے مُقدّس جگہ پر کھانا، کیونکہ وہ رب کی جلنے والی قربانیوں میں سے تمہارے اور تمہارے بیٹوں کا حصہ ہے۔ کیونکہ مجھے اِس کا حکم دیا گیا ہے۔

14 جو سینہ ہلانے والی قربانی اور دہنی ران اُٹھانے والی قربانی کے طور پر پیش کی گئی ہے، وہ تم اور تمہارے بیٹے بیٹیاں کھا سکتے ہیں۔ اُنہیں مُقدّس جگہ پر کھانا ہے۔ اسرائیلیوں کی سلامتی کی قربانیوں میں سے یہ ٹکڑے تمہارا حصہ ہیں۔

15 لیکن پہلے امام ران اور سینے کو جلنے والی قربانیوں کی چربی کے ساتھ پیش کریں۔ وہ اُنہیں ہلانے والی قربانی کے طور پر رب کے سامنے ہلائیں۔ رب فرماتا ہے کہ یہ ٹکڑے ابد تک تمہارے اور تمہارے بیٹوں کا حصہ ہیں۔“