17 ہر کپڑا یا چمڑا جس سے نطفہ لگ گیا ہو اُسے دھونا ہے۔ وہ بھی شام تک ناپاک رہے گا۔
18 اگر مرد اور عورت کے ہم بستر ہونے پر نطفہ خارج ہو جائے تو لازم ہے کہ دونوں نہا لیں۔ وہ شام تک ناپاک رہیں گے۔
19 ماہواری کے وقت عورت سات دن تک ناپاک ہے۔ جو بھی اُسے چھوئے وہ شام تک ناپاک رہے گا۔
20 اِس دوران جس چیز پر بھی وہ لیٹتی یا بیٹھتی ہے وہ ناپاک ہے۔
21-23 جو بھی اُس کے لیٹنے کی جگہ کو چھوئے یا اُس کے بیٹھنے کی جگہ پر بیٹھ جائے وہ اپنے کپڑے دھو کر نہا لے۔ وہ شام تک ناپاک رہے گا۔
24 اگر مرد عورت سے ہم بستر ہو اور اُسی وقت ماہواری کے دن شروع ہو جائیں تو مرد خون لگنے کے باعث سات دن تک ناپاک رہے گا۔ جس چیز پر بھی وہ لیٹتا ہے وہ ناپاک ہو جائے گی۔
25 اگر کسی عورت کو ماہواری کے دن چھوڑ کر کسی اَور وقت کئی دنوں تک خون آئے یا خون ماہواری کے دنوں کے بعد بھی جاری رہے تو وہ ماہواری کے دنوں کی طرح اُس وقت تک ناپاک رہے گی جب تک خون رُک نہ جائے۔