یشُوع 10:12-18 URD

12 اور اُس دِن جب خُداوند نے امورِیوں کو بنی اِسرائیل کے قابُو میں کر دِیا یشُوع نے خُداوند کے حضُور بنی اِسرائیل کے سامنے یہ کہا۔اَے سُورج! تُو جِبعو ن پراور اَے چاند! تو وادیِ ایالو ن میں ٹھہرا رہ

13 اور سُورج ٹھہر گیا اور چاند تھمارہا جب تک قَوم نے اپنے دُشمنوں سے اپنا اِنتِقام نہ لے لِیا۔ کیا یہ آشر کی کِتاب میں نہیں لِکھا ہے؟ اور سُورج آسمان کے بِیچوں بِیچ ٹھہرا رہا اور تقرِیباً سارے دِن ڈُوبنے میں جلدی نہ کی۔

14 اور اَیسا دِن نہ کبھی اُس سے پہلے ہُؤا اور نہ اُس کے بعد جِس میں خُداوند نے کِسی آدمی کی بات سُنی ہو کیونکہ خُداوند اِسرائیلیوں کی خاطِر لڑا۔

15 پِھر یشُوع اور اُس کے ساتھ سب اِسرائیلی جِلجا ل کو خَیمہ گاہ میں لَوٹے۔

16 اور وہ پانچوں بادشاہ بھاگ کر مقّیدہ کے غار میں جا چُھپے۔

17 اور یشُوع کو یہ خبر مِلی کہ وہ پانچوں بادشاہ مقّید ہ کے غار میں چُھپے ہُوئے مِلے ہیں۔

18 یشُوع نے حُکم کِیا کہ بڑے بڑے پتّھر اُس غار کے مُنہ پر لُڑھکا دو اور آدمِیوں کو اُس کے پاس اُن کی نِگہبانی کے لِئے بِٹھا دو۔