یشُوع 5 URD

1 اور جب اُن امورِیوں کے سب بادشاہوں نے جو یَردن کے پار مغرِب کی طرف تھے اور اُن کنعانِیوں کے تمام بادشاہوں نے جو سمُندر کے نزدِیک تھے سُنا کہ خُداوند نے بنی اِسرائیل کے سامنے سے یَردن کے پانی کو ہٹا کر سُکھا دِیا جب تک ہم پار نہ آ گئے تو اُن کے دِل پِگھل گئے اور اُن میں بنی اِسرائیل کے سبب سے جان باقی نہ رہی۔

جِلجا ل کے مقام پر خَتنہ

2 اُس وقت خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ چقمق کی چُھریاں بنا کر بنی اِسرائیل کا خَتنہ پِھر دُوسری بار کر دے۔

3 اور یشُوع نے چقمق کی چُھریاں بنائِیں اور کھلڑِیوں کی پہاڑی پر بنی اِسرائیل کا خَتنہ کِیا۔

4 اور یشُوع نے جو خَتنہ کِیا اُس کا سبب یہ ہے کہ وہ لوگ جو مِصر سے نِکلے اُن میں جِتنے جنگی مَرد تھے وہ سب بیابان میں مِصر سے نِکلنے کے بعد راستہ ہی میں مر گئے۔

5 پس وہ سب لوگ جو نِکلے تھے اُن کا خَتنہ ہو چُکا تھا پر وہ سب لوگ جو بیابان میں مِصر سے نِکلنے کے بعد راستہ ہی میں پَیدا ہُوئے تھے اُن کا خَتنہ نہیں ہُؤا تھا۔

6 کیونکہ بنی اسرائیل چالِیس برس تک بیابان میں پِھرتے رہے جب تک ساری قَوم یعنی سب جنگی مَرد جو مِصر سے نِکلے تھے فنا نہ ہو گئے ۔ اِس لِئے کہ اُنہوں نے خُداوند کی بات نہیں مانی تھی ۔ اُن ہی سے خُداوند نے قَسم کھا کر کہا تھا کہ وہ اُن کو اُس مُلک کو دیکھنے بھی نہ دے گا جِسے ہم کو دینے کی قَسم اُس نے اُن کے باپ دادا سے کھائی اور جہاں دُودھ اور شہد بہتا ہے۔

7 سو اُن ہی کے لڑکوں کا جِن کو اُس نے اُن کی جگہ برپا کِیا تھا یشُوع نے خَتنہ کِیا کیونکہ وہ نامختُون تھے اِس لِئے کہ راستہ میں اُن کا خَتنہ نہیں ہُؤا تھا۔

8 اور جب سب لوگوں کا خَتنہ کر چُکے تو یہ لوگ خَیمہ گاہ میں اپنی اپنی جگہ رہے جب تک اچّھے نہ ہو گئے۔

9 پِھر خُداوند نے یشُوع سے کہا کہ آج کے دِن مَیں نے مِصر کی ملامت کو تُم پر سے ڈُھلکا دِیا ۔ اِسی سبب سے آج کے دِن تک اُس جگہ کا نام جِلجا ل ہے۔

10 اور بنی اِسرائیل نے جِلجا ل میں ڈیرے ڈال لِئے اور اُنہوں نے یرِیحُو کے مَیدانوں میں اُسی مہِینے کی چَودھوِیں تارِیخ کو شام کے وقت عِیدِ فَسح منائی۔

11 اور عِیدِ فَسح کے دُوسرے دِن اُس مُلک کے پُرانے اناج کی بے خمِیری روٹِیاں اور اُسی روز بُھنی ہُوئی بالیں بھی کھائِیں۔

12 اور دُوسرے ہی دِن سے اُن کے اُس مُلک کے پُرانے اناج کے کھانے کے بعد مَنّ مَوقُوف ہو گیا اور آگے پِھر بنی اِسرائیل کو مَنّ کبھی نہ مِلا لیکن اُس سال اُنہوں نے مُلکِ کنعا ن کی پَیداوار کھائی۔

یشُوع اور تلوار بردار آدمی

13 اور جب یشُوع یرِیحُو کے نزدِیک تھا تو اُس نے اپنی آنکھیں اُٹھائِیں اور کیا دیکھا کہ اُس کے مُقابِل ایک شخص ہاتھ میں اپنی ننگی تلوار لِئے کھڑا ہے اور یشُوع نے اُس کے پاس جا کر اُس سے کہا تُو ہماری طرف ہے یا ہمارے دُشمنوں کی طرف؟۔

14 اُس نے کہا نہیں بلکہ مَیں اِس وقت خُداوند کے لشکر کا سردار ہو کر آیا ہُوں ۔تب یشُوع نے زمِین پر سرنِگُوں ہو کر سِجدہ کِیا اور اُس سے کہا کہ میرے مالِک کا اپنے خادِم سے کیا اِرشاد ہے؟۔

15 اور خُداوند کے لشکر کے سردار نے یشُوع سے کہا کہ تُو اپنے پاؤں سے اپنی جُوتی اُتار دے کیونکہ یہ جگہ جہاں تُو کھڑا ہے مُقدّس ہے ۔ سو یشُوع نے اَیسا ہی کِیا۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24