یشُوع 17 URD

مغرِب میں منّسی کا عِلاقہ

1 اور منسّی کے قبِیلہ کا حِصّہ قُرعہ ڈال کر یہ ٹھہراکیونکہ وہ یُوسف کا پہلوٹھا تھا اور چُونکہ منسّی کا پہلوٹھا بیٹا مکِیر جو جِلعاد کا باپ تھا جنگی مَرد تھا اِس لِئے اُس کو جِلعاد اور بسن مِلے۔

2 سو یہ حِصّہ بنی منسّی کے باقی لوگوں کے لِئے اُن کے گھرانوں کے مُطابِق تھا یعنی بنی اَبِیعزر اور بنی خلق اور بنی اسری ایل اور بنی سِکم اور بنی حِفر اور بنی سمیدع کے لِئے ۔ یُوسف کے بیٹے منسّی کے فرزندِ نرِینہ اپنے اپنے گھرانے کے مُطابِق یِہی تھے۔

3 اور صلافِحاد بِن حِفر بِن جِلعاد بِن مکِیر بِن منسّی کے بیٹے نہیں بلکہ بیٹِیاں تِھیں اور اُس کی بیٹِیوں کے نام یہ ہیں محلاہ اور نُوعاہ اور حجلاہ اور مِلکاہ اور تِرضاہ۔

4 سو وہ الِیعزر کاہِن اور نُون کے بیٹے یشُوع اور سرداروں کے آگے آ کر کہنے لگِیں کہ خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا کہ وہ ہم کو ہمارے بھائِیوں کے درمِیان مِیراث دے چُنانچہ خُداوند کے حُکم کے مُطابِق اُس نے اُن کے باپ کے بھائیوں کے درمِیان اُن کو مِیراث دی۔

5 سو منسّی کو جِلعاد اور بسن کے مُلک کو چھوڑ کر جو یَردن کے اُس پار ہے دس حِصّے اَور مِلے۔

6 کیونکہ منسّی کی بیٹِیوں نے بھی بیٹوں کے ساتھ مِیراث پائی اور منسّی کے باقی بیٹوں کو جِلعاد کا مُلک مِلا۔

7 اور آشر سے لے کر مِکمتا ہ تک جو سِکم کے مُقابِل ہے منسّی کی حد تھی اور وُہی حد دہنے ہاتھ پر عین تفُّو ح کے باشِندوں تک چلی گئی۔

8 یُوں تفُّو ح کی زمِین تو منسّی کی ہُوئی پرتفُّو ح شہر جو منسّی کی سرحد پر تھا بنی افرائِیم کا حِصّہ ٹھہرا۔

9 پِھر وہاں سے وہ حد قاناہ کے نالے کو اُتر کر اُس کے جنُوب کی طرف پُہنچی ۔ یہ شہر جو منسّی کے شہروں کے درمِیان ہیں افرائِیم کے ٹھہرے اور منسّی کی حد اُس نالے کے شِمال کی طرف سے ہو کر سمُندر پر ختم ہُوئی۔

10 سو جنُوب کی طرف افرائِیم کی اور شِمال کی طرف منسّی کی مِیراث پڑی اور اُس کی سرحد سمُندر تھی ۔ یُوں وہ دونوں شِمال کی طرف آشر سے اور مشرِق کی طرف اِشکار سے جا مِلیں۔

11 اور اِشکار اور آشر کی حد میں بَیت شان اور اُس کے قصبے اور اِبلیعا م اور اُس کے قصبے اور اہلِ دور اور اُس کے قصبے اور اہلِ عین د ور اور اُس کے قصبے اور اہلِ تعناک اور اُس کے قصبے اور اہلِ مجِدّو اور اُس کے قصبے بلکہ تِینوں مُرتفع مقامات منسّی کو مِلے۔

12 تَو بھی بنی منسّی اُن شہروں کے رہنے والوں کو نِکال نہ سکے بلکہ اُس مُلک میں کنعانی بسے ہی رہے۔

13 اور جب بنی اِسرائیل زورآور ہو گئے تو اُنہوں نے کنعانیوں سے بیگار کا کام لِیا اور اُن کو بِالکُل نِکال باہر نہ کِیا۔

افرائِیم اورمنّسی کے قبِیلوں نے درخواست کی کہ ہمیں زیادہ علاقہ دِیا جائے

14 اور بنی یُوسف نے یشُوع سے کہا کہ تُو نے کیوں قُرعہ ڈال کر ہم کو فقط ایک ہی حِصّہ مِیراث کے لِئے دِیا اگرچہ ہم بڑی قَوم ہیں کیونکہ خُداوند نے ہم کو برکت دی ہے؟۔

15 یشُوع نے اُن کو جواب دِیا کہ اگر تُم بڑی قَوم ہو تو جنگل میں جاؤ اور وہاں فرزّیوں اور رفائِیم کے مُلک کو اپنے لِئے کاٹ کر صاف کر لو کیونکہ افرائِیم کا کوہِستانی مُلک تُمہارے لِئے بُہت تنگ ہے۔

16 بنی یُوسف نے کہا کہ یہ کوہِستانی مُلک ہمارے لِئے کافی نہیں ہے اور سب کنعانیوں کے پاس جو نشیب کے مُلک میں رہتے ہیں یعنی وہ جو بَیت شا ن اور اُس کے قصبوں میں اور وہ جو یِزرعیل کی وادی میں رہتے ہیں دونوں کے پاس لوہے کے رتھ ہیں۔

17 یشُوع نے بنی یُوسف یعنی افرائِیم اور منسّی سے کہا کہ تُم بڑی قَوم ہو اور بڑا زور رکھتے ہو ۔ سو تُمہارے لِئے فقط ایک ہی حِصّہ نہ ہو گا۔

18 بلکہ یہ کوہِستانی مُلک بھی تُمہارا ہو گا کیونکہ اگرچہ وہ جنگل ہے تُم اُسے کاٹ کر صاف کر ڈالنا اور اُس کے مخارِج بھی تُمہارے ہی ٹھہریں گے کیونکہ تُم کنعانیوں کو نِکال دو گے اگرچہ اُن کے پاس لوہے کے رتھ ہیں اور وہ زورآور بھی ہیں۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24