یشُوع 18 URD

باقی سرزمِین کی تقسِیم

1 اور بنی اِسرائیل کی ساری جماعت نے سیَلا میں جمع ہو کر خَیمۂِ اِجتماع کو وہاں کھڑا کِیا اور وہ مُلک اُن کے آگے مغلُوب ہو چُکا تھا۔

2 اور بنی اِسرائیل میں سات قبِیلے اَیسے رہ گئے تھے جِن کی مِیراث اُن کو تقسِیم ہونے نہ پائی تھی۔

3 اور یشُوع نے بنی اِسرائیل سے کہا کہ تُم کب تک اُس مُلک پر قبضہ کرنے میں جو خُداوند تُمہارے باپ دادا کے خُدا نے تُم کو دِیا ہے سُستی کرو گے؟۔

4 سو تُم اپنے لِئے ہر قبِیلہ میں سے تِین شخص چُن لو ۔ مَیں اُن کو بھیجُوں گا اور وہ جا کر اُس مُلک میں سَیر کریں گے اور اپنی اپنی مِیراث کے مُوافِق اُس کا حال لِکھ کر میرے پاس آئیں گے۔

5 وہ اُس کے سات حِصّے کریں گے ۔ یہُوداہ اپنی سرحد میں جنُوب کی طرف اور یُوسف کا خاندان اپنی سرحد میں شِمال کی طرف رہے گا۔

6 سو تُم اُس مُلک کے سات حِصّے لِکھ کر میرے پاس یہاں لاؤ تاکہ مَیں خُداوند کے آگے جو ہمارا خُدا ہے تُمہارے لِئے قُرعہ ڈالُوں۔

7 کیونکہ تُمہارے درمِیان لاویوں کا کوئی حِصّہ نہیں اِس لِئے کہ خُداوند کی کہانت اُن کی مِیراث ہے اور جد اور رُوبِن اور منسّی کے آدھے قبِیلہ کو یَردن کے اُس پار مشرِق کی طرف مِیراث مِل چُکی ہے جِسے خُداوند کے بندہ مُوسیٰ نے اُن کو دِیا۔

8 پس وہ مَرد اُٹھ کر روانہ ہُوئے اور یشُوع نے اُن کو جو اُس مُلک کا حال لِکھنے کے لِئے گئے تاکِید کی کہ تُم جا کر اُس مُلک میں سَیر کرو اور اُس کا حال لِکھ کر پِھر میرے پاس آؤ اور مَیں سَیلا میں خُداوند کے آگے تُمہارے لِئے قُرعہ ڈالُوں گا۔

9 چُنانچہ اُنہوں نے جاکر اُس مُلک میں سَیر کی اور شہروں کے سات حِصّے کر کے اُن کا حال کِتاب میں لِکھا اور سَیلا کی خَیمہ گاہ میں یشُوع کے پاس لَوٹے۔

10 تب یشُوع نے سَیلا میں اُن کے لِئے خُداوند کے حضُور قُرعہ ڈالا اور وہِیں یشُوع نے اُس مُلک کو بنی اِسرائیل کی تقسِیموں کے مُطابِق اُن کو بانٹ دِیا۔

عِلاقہ جو بِنیمیِن کے قبِیلہ کو دِیا گیا

11 اور بنی بِنیمِین کے قبِیلہ کا قُرعہ اُن کے گھرانوں کے مُطابِق نِکلا اور اُن کے حِصّہ کی حدبنی یہُوداہ اور بنی یُوسف کے درمِیان پڑی۔

12 سو اُن کی شِمالی حد یَردن سے شرُوع ہُوئی اور یہ حد یرِیحُو کے پاس سے شِمال کی طرف گُذر کر کوہِستانی مُلک سے ہوتی ہُوئی مغرِب کی طرف بَیت آون کے بیابان تک پُہنچی۔

13 اور وہ حد وہاں سے لُوز کو جوبَیت ایل ہے گئی اور لُوز کے جنُوب سے اُس پہاڑ کے برابر ہوتی ہُوئی جو نِیچے کے بَیت حورُو ن کے جنُوب میں ہےعطارات ادار کو جا نِکلی۔

14 اور وہ مغرِب کی طرف سے مُڑ کر جنُوب کو جُھکی اور بَیت حورُو ن کے سامنے کے پہاڑ سے ہوتی ہُوئی جنُوب کی طرف بنی یہُوداہ کے ایک شہر قریتِ بعل تک جو قریت یعر یم ہے چلی گئی ۔ یہ مغرِبی حِصّہ تھا۔

15 اور جنُوبی حد قریت یعرِ یم کی اِنتِہا سے شرُوع ہُوئی اور وہ حد مغرِب کی طرف آبِ نفتوح کے چشمہ تک چلی گئی۔

16 اور وہاں سے وہ حد اُس پہاڑ کے سِرے تک جو ہِنّوم کے بیٹے کی وادی کے سامنے ہے گئی ۔ یہ رفائِیم کی وادی کے شِمال میں ہے اور پِھر وہاں سے جنُوب کی طرف ہِنّوم کی وادی اور یبُوسِیوں کے برابر سے گُذرتی ہُوئی عین راجِل پُہنچی۔

17 وہاں سے وہ شِمال کی طرف مُڑ کر اور عَین شمس سے گُذرتی ہُوئی جلِیلوت کو گئی جو ادُمیّم کی چڑھائی کے مُقابِل ہے اور وہاں سے رُوبِن کے بیٹے بوہَن کے پتّھر تک پُہنچی۔

18 اور پھر شِمال کو جا کر مَیدان کے مُقابِل کے رُخ سے نِکلتی ہُوئی مَیدان ہی میں جا اُتری۔

19 پِھر وہ حد وہاں سے بَیت حُجلہ کے شِمالی پہلُو تک پُہنچی اور اُس حد کا خاتِمہ دریایِ شور کی شِمالی کھاڑی پر ہُؤا جو یَردن کے جنُوبی سِرے پر ہے ۔ یہ جنُوب کی حد تھی۔

20 اور اُس کی مشرِقی سِمت کی حد یَردن ٹھہرا ۔ بنی بِنیمِین کی مِیراث اُن کی چَوگِرد کی حدّوں کے اِعتبار سے اور اُن کے گھرانوں کے مُوافِق یہ تھی۔

21 اور بنی بِنیمِین کے قبِیلہ کے شہر اُن کے گھرانوں کے مُوافِق یہ تھے ۔ یرِیحُو اور بَیت حُجلہ اور عیمق قصیص۔

22 اور بَیت عرابہ اور صمریم اور بَیت ا یل۔

23 اور عوّیم اور فارہ اور عُفرہ۔

24 اور کفَرالعمُّو نی اور عُفنی اور جِبع ۔ یہ بارہ شہر تھے اور اِن کے گاؤں بھی تھے۔

25 اور جِبعو ن اور رامہ اور بیرو ت۔

26 مِصفاہ اور کفِیر ہ اور موضہ۔

27 اور رقم اور ارفیل اور ترا لہ۔

28 اور ضِلع الف اور یبُوسِیوں کا شہر جو یروشلِیم ہے اور جِبعت اور قر یت ۔ یہ چَودہ شہر ہیں اور اِن کے گاؤں بھی ہیں ۔ بنی بِنیمِین کی مِیراث اُن کے گھرانوں کے مُوافِق یہ ہے۔

ابواب

1 2 3 4 5 6 7 8 9 10 11 12 13 14 15 16 17 18 19 20 21 22 23 24