1 اور خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا۔
2 کہ اَے آدم زاد اِسرائیل کے نبی جو نبُوّت کرتے ہیں اُن کے خِلاف نبُوّت کر اور جو اپنے دِل سے بات بنا کر نبُوّت کرتے ہیں اُن سے کہہ خُداوند کا کلام سُنو۔
3 خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ احمق نبِیوں پر افسوس جو اپنی ہی رُوح کی پَیروی کرتے ہیں اور اُنہوں نے کُچھ نہیں دیکھا۔
4 اَے اِسرائیل تیرے نبی اُن لومڑیوں کی مانِند ہیں جو وِیرانوں میں رہتی ہیں۔
5 تُم رخنوں پر نہیں گئے اور نہ بنی اِسرائیل کے لِئے فصِیل بنائی تاکہ وہ خُداوند کے دِن جنگ گاہ میں کھڑے ہوں۔
6 اُنہوں نے باطِل اور جُھوٹا شگُون دیکھا ہے جو کہتے ہیں کہ خُداوند فرماتا ہے اگرچہ خُداوند نے اُن کو نہیں بھیجا اور لوگوں کو اُمّید دِلاتے ہیں کہ اُن کی بات پُوری ہو جائے گی۔
7 کیا تُم نے باطِل رویا نہیں دیکھی؟ کیا تُم نے جُھوٹی غَیب دانی نہیں کی کیونکہ تُم کہتے ہو کہ خُداوند نے فرمایا ہے اگرچہ مَیں نے نہیں فرمایا؟۔