خُرُوج 39:19-25 URD

19 اور اُنہوں نے سونے کے دو کڑے اَور بنا کر اُن کو سِینہ بند کے دونوں سِروں کے اُس حاشیہ میں لگایا جِس کا رُخ اندر افُود کی طرف تھا۔

20 اور اُنہوں نے سونے کے دو کڑے اَور بنا کر اُن کو افُود کے دونوں مونڈھوں کے سامنے کے حِصّہ میں اندر کے رُخ جہاں افُود جڑا تھا لگایا تاکہ وہ افُود کے کارِیگری سے بُنے ہُوئے پٹکے کے اُوپر رہے۔

21 اور اُنہوں نے سِینہ بند کو لے کر اُس کے کڑوں کو افُود کے کڑوں کے ساتھ ایک نِیلے فِیتے سے اِس طرح باندھا کہ وہ افُود کے کارِیگری سے بُنے ہُوئے پٹکے کے اُوپر رہے اور سِینہ بند ڈِھیلا ہو کر افُود سے الگ نہ ہونے پائے جَیسا خُداوند نے مُوسیٰ کو حُکم دِیا تھا۔

22 اور اُس نے افُود کا جُبّہ بُن کر بِالکُل آسمانی رنگ کا بنایا۔

23 اور اُس کا گریبان زِرہ کے گریبان کی طرح بِیچ میں تھا اور اُس کے گِرداگِرد گوٹ لگی ہُوئی تھی تاکہ وہ پھٹ نہ جائے۔

24 اور اُنہوں نے اُس کے دامن کے گھیر میں آسمانی اور ارغوانی اور سُرخ رنگ کے بٹے ہُوئے تار سے انار بنائے۔

25 اور خالِص سونے کی گھنٹیاں بنا کر اُن کو جُبّہ کے دامن کے گھیر میں چاروں طرف اناروں کے درمِیان لگایا۔