4 اِس لِئے کہ بادشاہ کا حُکم بااِختیار ہے اور اُس سے کَون کہے گا کہ تُو یہ کیا کرتا ہے؟۔
5 جو کوئی حُکم مانتا ہے بُرائی کو نہ دیکھے گا اور دانِش مندکا دِل مَوقع اور اِنصاف کو سمجھتا ہے۔
6 اِس لِئے کہ ہر امر کا مَوقع اور قاعِدہ ہے لیکن اِنسان کی مُصِیبت اُس پر بھاری ہے۔
7 کیونکہ جو کُچھ ہوگا اُس کو معلُوم نہیں اور کَون اُسے بتا سکتا ہے کہ کیونکر ہو گا؟۔
8 کِسی آدمی کو رُوح پر اِختیار نہیں کہ اُسے روک سکے اور مَرنے کا دِن بھی اُس کے اِختیار سے باہر ہے اور اُس لڑائی سے چُھٹّی نہیں مِلتی اور نہ شرارت اُس کو جو اُس میں غرق ہے چُھڑائے گی۔
9 یہ سب مَیں نے دیکھا اور اپنا دِل سارے کام پر جو دُنیامیں کِیا جاتا ہے لگایا ۔ اَیسا وقت ہے جِس میں ایک شخص دُوسرے پر حُکومت کر کے اپنے اُوپر بلا لاتا ہے۔
10 اِس کے عِلاوہ مَیں نے دیکھا کہ شرِیر گاڑے گئے ۔ اورلوگ بھی آئے اور راست باز پاک مقام سے نِکلے اور اپنے شہر میں فراموش ہو گئے ۔ یہ بھی بُطلان ہے۔