پَیدایش 42:23-29 URD

23 اور اُن کو معلُوم نہ تھا کہ یُوسف اُن کی باتیں سمجھتا ہے اِس لِئے کہ اُن کے درمِیان ایک ترجمان تھا۔

24 تب وہ اُن کے پاس سے ہٹ گیا اور رویا اور پِھر اُن کے پاس آ کر اُن سے باتیں کِیں اور اُن میں سے شمعُو ن کو لے کر اُن کی آنکھوں کے سامنے اُسے بندھوا دِیا۔

25 پِھر یُوسف نے حُکم کِیا کہ اُن کے بوروں میں اناج بھریں اور ہر شخص کی نقدی اُسی کے بورے میں رکھ دیں اور اُن کو زادِ راہ بھی دے دیں ۔ چُنانچہ اُن کے لِئے اَیسا ہی کِیا گیا۔

26 اور اُنہوں نے اپنے گدھوں پر غلّہ لاد لِیا اور وہاں سے روانہ ہُوئے۔

27 جب اُن میں سے ایک نے منزل پر اپنے گدھے کو چارا دینے کے لِئے اپنا بورا کھولا تو اپنی نقدی بورے کے مُنہ میں رکھّی دیکھی۔

28 تب اُس نے اپنے بھائِیوں سے کہا کہ میری نقدی پھیر دی گئی ہے ۔ وہ میرے بورے میں ہے ۔ دیکھ لو! پِھر تو وہ حواس باختہ ہو گئے اور ہکّا بکّا ہو کر ایک دُوسرے کو دیکھنے اور کہنے لگے خُدا نے ہم سے یہ کیا کِیا؟۔

29 اور وہ مُلکِ کنعان میں اپنے باپ یعقُوب کے پاس آئے اور ساری واردات اُسے بتائی اور کہنے لگے۔